پاک ائیر فورس نے بھارتی فضائیہ کے کتنے جنگی جہاز گرا دئیے ہیں؟

پاکستان ایئر فورس نے بھارتی فضائیہ کی جانب سے پاکستان میں 24 مقامات کو نشانہ بنانے کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 6 جنگی جہازوں کے علاوہ مقبوضہ کشمیر میں بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کر دیا ہے۔ پاکستانی ایئر فورس کے ہاتھوں تباہ ہونے والے انڈین جہازوں میں جدید ترین رافیل جنگی جہاز بھی شامل ہیں جو بھارت نے پاکستان پر فضائی برتری حاصل کرنے کی غرض سے فرانس سے خریدے تھے۔ پاک فوج کے ترجمان نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان نے جو بھارتی جہاز گرائے ہیں ان میں 3 رافیل طیارے بھی شامل ہیں۔ بھارت نے سرکاری طور پر اپنے تین جہاز تباہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے جن کی تصاویر انٹرنیشنل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔ ابھی تک پاکستانی ایئر فورس کے تمام جہاز محفوظ ہیں اور دشمن کے حملوں کا جواب دینے میں مصروف ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی رافیل طیارے تباہ ہونے کے بعد امریکی سٹاک مارکیٹ میں رافیل بنانے والی کمپنی کے شیئرز بھی بری طرح گر گئے ہیں۔ یاد رہے کہ 2019 میں آزاد کشمیر کے علاقے بالاکوٹ پر بھارتی فضائی حملے کے جواب میں پاک فضائیہ نے کئی بھارتی طیارے تباہ کرنے کے علاوہ ابھینندن نامی انڈین پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔ چنانچہ شرمندگی کا شکار مودی سرکار نے اپنی ایئر فورس کو بہتر بنانے کے لیے فرانس سے جدید ترین رافیل نامی جنگی جہاز خریدے تھے۔ بھارت کا یہ دعوی تھا کہ پاکستان کے ساتھ جنگ کی صورت میں انڈین ایئر فورس کو برتری حاصل ہو چکی ہے، تاہم انڈیا کا یہ دعوی جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوا ہے۔ بھارتی اپوزیشن نے بھی مودی سرکار کو رافیل طیاروں کی ناکامی اور تباہی پر اپنے نشانے پر لے لیا یے۔ یاد رہے انڈین اپوزیشن جماعتوں نے مودی سرکار پر رافیل طیاروں کی خریداری میں بھاری کمیشن کھانے کا الزام عائد کیا تھا۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق پاکستان کی جانب سے بھارت کے فضائی حملوں کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے، پاکستانی ایئرفورس نے تین رافیل طئاروں سمیت بھارت کے 6 جنگی جہاز اور ایک ڈرون مار گرایا ہے جبکہ متعدد بھارتی چیک پوسٹس کو تباہ کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جموں کشمیر میں موجود بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کر دیا گیا ہے جو پلوامہ کے علاقے میں واقع تھا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی فضائیہ نے بھارت کے 6 لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ائیر فورس نے بھارتی جارحیت کے جواب میں ہونے والی کارروائی میں برتری حاصل کرلی ہے جسے انڈین میڈیا بھی تسلیم کر رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پاکستان ایئر فورس کی جوابی کاروائی میں جن 5 بھارتی طیاروں کو گرایا گیا ہے ان میں 3 رافیل جہازوں کے علاوہ 2 سخوئی اور ایک مگ 29 فائٹر جہاز بھی شامل یے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستانی ایئر فورس نے جن بھارتی جہازوں کو گرایا ہے انہیں پاکستانی فضائی حدود سے فائٹر طیاروں سے چلائے گے میزائلوں سے گرایا گیا۔ یاد رہے کہ پاکستان نے چند روز پہلے اپنے جدید ترین میزائلوں کے کامیاب ٹیسٹ بھی کیے تھے جن میں ابدالی میزائل بھی شامل تھا۔ اس موقع پر فوجی ترجمان نے بتایا تھا کہ جدید ترین پاکستانی میزائل 5 سو کلومیٹر سے ڈھائی ہزار کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اسکے علاوہ وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ خان نے کہا تھا کہ پاکستانی میزائل جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کے تمام جنگی جہاز محفوظ ہیں اور پاکستانی مسلح افواج دشمن کو جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ائیر فورس نے جوابی حملے میں کشمیر کے علاقے پلوامہ میں واقع بھارتی فوج کا انفنٹری بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کر دیا ہے جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے لائن اف کنٹرول کے جورا سیکٹر میں دشمن کی ایک اور پوسٹ تباہ کر دی ہے، اس سے پہلے پانڈو سیکٹر میں بھارت کی چیک پوسٹ تباہ کی گئی تھی۔ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی چھتری اور گفدار چیک پوسٹس بھی تباہ کر دی گئی ہیں، اسکے علاوہ بھی ایل او سی پر دشمن کی متعدد پوسٹیں تباہ کردی گئی ہیں۔

Back to top button