دوبارہ جارحیت کی گئی تو توقعات سے کہیں زیادہ سخت جواب دیں گے : فیلڈ مارشل

 

 

 

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے دشمن کو شکست دے کر قوم کو نیا اعتماد دیا، بھارت نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو توقعات سے کہیں زیادہ سخت جواب دیں گے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پی ایم اے کاکول میں 152 ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سےخطاب کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کرنا میرے لیےانتہائی اعزاز اور باعث فخر ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ میں بنگلہ دیش، نیپال، مالدیپ، عراق، قطر، مالی، نائیجیریا، فلسطین، سری لنکا اور یمن سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس کو بھی اس عظیم ادارے سے تربیت مکمل کرنے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

 

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے قیام سے اب تک افواج پاکستان نے قوم کی مکمل حمایت کےساتھ،وطن عزیز کے بیرونی اور اندرونی دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،معرکہ حق میں افواج پاکستان نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت اور عزم سے دشمن کو شکست دےکر قوم کا اعتماد مزید مستحکم کیا ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر بےبنیاد الزامات لگائےگئے،بھارتی جارحیت کےخلاف قوم پہلے سے زیادہ متحد اور یک زبان ہوئی اور قوم کی حمایت سے سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کیا۔پاکستان نے ازلی دشمن کے خلاف انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کارروائیاں کرتےہوئے رافیل طیاروں کو مار گرایا۔

انہوں نے بتایا کہ دشمن کی متعدد بیسز بشمول ایس400 سسٹمز کو نشانہ بنایا گیا،پاکستان نے ملٹی ڈومین وار فیئر کی صلاحیتوں کا بھی بھرپور مظاہرہ کیا، اللہ کے فضل اور قومی عزم کےساتھ ہم نے من حیث القوم متحد ہوکر فولادی دیوار کی مانند دشمن کا مقابلہ کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہاکہ بھارت کا خود ساختہ شواہد پیش کرنا علامت ہے کہ بھارتی حکمران جماعت نے اپنے مذموم مقاصد کےلیے دہشت گردی کو سیاسی رنگ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عددی طور پر بڑے دشمن کے خلاف اپنی واضح فتح کی بدولت عالمی برادری کا وقار اور داد حاصل کی،نوجوانوں میں یہ اعتماد بھی مضبوط ہوا کہ پاکستان کی مسلح افواج قومی طاقت کا ایک بنیادی ستون ہیں۔

فیلڈ مارشل نے کہاکہ قوم کو یقین دلاتا ہوں ان شاء اللہ، ہم اس مقدس سر زمین کا ایک انچ بھی دشمن کے حوالے نہیں ہونےدیں گے،خراج تحسین پیش کرتا ہوں ہرسپاہی،سیلر، فضائیہ کے جوانوں، مرد،خواتین، بچے،بزرگ کو جنہوں نےکٹھن حالات میں اپنی جانوں کا نذرانہ دیا، وطن کے دفاع میں شہید ہونے والوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ افواج پاکستان دنیا کی بہترین فوج ہے،دشمن پاکستانی افواج اور عوام کے درمیان دوری پیدا کرناچاہتا ہے،شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزادی کی زندگی گزاررہے ہیں،دشمن اپنے مذموم مقاصد کےلیے ہمارے عوام، مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں۔پاکستان کا دفاعی نظریہ کریڈیبل ڈیٹرنس اور دائمی تیاری پر مبنی ہے،جس میں تمام صلاحیتوں کا احاطہ کیا گیا ہے،یہ پیشہ ور فوج روایتی میدان میں بھی دشمن کو منہ توڑ جواب دےکر اپنی صلاحیتیوں کا لوہا منواچکی ہیں۔

آرمی چیف نے واضح کیا کہ دوبارہ جارحیت کی کوشش کی گئی تو پاکستان دشمن کی توقعات سےکہیں زیادہ سخت جواب دے گا،جنگ میں ہمارے ہتھیار زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتےہوئے بھارت کی جغرافیائی وسعت کا من گھڑت حفاظتی تصور ختم کردیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن کو پہنچائےجانے والے فوجی و اقتصادی نقصانات بھارت کی توقعات سے کہیں زیادہ بڑھ کر ہوں گے،بھارتی فوجی قیادت کو خبردار کرتا ہوں نیوکلیئر انوائرمنٹ میں دونوں ممالک میں جنگ کےلیے گنجائش نہیں، پاکستان کے ساتھ بنیادی مسائل کوبین الاقوامی اصولوں کے مطابق برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر حل کریں۔

 

 

 

Back to top button