اسلام آباد نےصوبوں سےاختیارات واپس لئےتوحقوق کادفاع کریں گے،بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اسلام آباد نے صوبوں سے اختیارات واپس لینے کی کوشش کی تو اپنے حقوق کا دفاع کریں گے۔
بلاول بھٹو کاایس آئی یو ٹی کے نئے یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم اور صوبائی حقوق کا دفاع آج کے دور کی سب سے بڑی ضرورت ہے، کیونکہ انہی اختیارات کے تحت صوبوں میں صحت اور عوامی فلاح کے بڑے منصوبے ممکن ہوسکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اسلام آباد چاہتا ہے کہ صوبوں کا تعلیم اور آبادی کنٹرول کا اختیار واپس لے لیا جائے، اور جب آپ کسی سے اختیار واپس لیتے ہیں تو اس کے اثرات ضرور مرتب ہوتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ 18ویں ترمیم ہی صحت کا شعبہ چلانے کے لیے بہترین راستہ ہے اور ہم اپنے حقوق کا دفاع کریں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ فائیو سٹار ہوٹل کو فائیو سٹار ہسپتال میں تبدیل کرنا قابل تحسین قدم ہے۔ ان کے مطابق سندھ میں دنیا کا سب سے بڑا دل کے اسپتال کا نیٹ ورک موجود ہے اور پیپلز پارٹی ہمیشہ پسماندہ طبقے کی خدمت کرتی آئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج کل صوبوں کے حقوق اور وسائل پر کافی بحث چل رہی ہے مگر صوبوں کے حقوق پر بحث کا سب سے بہترین جواب سندھ کا ہیلتھ سسٹم ہے۔18ویں ترمیم کے بعد این آئی سی وی ڈی کی حالت دیکھیں، فرق صاف نظر آئے گا اور ترمیم کے بعد سندھ حکومت کے ادارے بہتر ہوئے۔
