عمران خان کی پی ٹی آئی کووکلا تحریک کا ساتھ دینے کی ہدایت

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سپریم کورٹ میں ججوں کی تقرری کے معاملے پر پارٹی کو وکلا تحریک کا ساتھ دینے کی ہدایت کردی۔

عمران خان کے وکیل فیصل چودھری نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان نے پی ٹی آئی کو وکلا تحریک کا ساتھ دینے کی ہدایات جاری کی ہیں۔عمران خان نے ایک بار پھر 26ویں ترمیم کو پاکستان کے عدالتی نظام پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا مفاد اور ملکی مفاد متضاد ہے۔

سابق وزیراعظم کے وکیل فیصل چودھری نے کہاکہ عمران خان کی جیل میں اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات ہوئی ہے، بانی تحریک انصاف نے جو اوپن خطوط لکھے ہیں ضروری ہے کہ ان پر توجہ دی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کا خاتمہ کردیا گیا، اور پی ٹی آئی کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

وکیل فیصل چودھری نے کہاکہ ہم نے عمران خان کا ٹرائل کھلی عدالت میں کرنے کی درخواست دی ہے، کیونکہ ہمیں فیئر ٹرائل کا حق نہیں دیا جارہا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل کمیشن نے سپریم کورٹ میں 6 مستقل جبکہ ایک ایکٹنگ جج تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔

گزشتہ روز وکلا کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا تھا اور مطالبہ کیا گیا تھا کہ ججز کی تقرریوں کا معاملہ مؤخر کیا جائے۔

Back to top button