سعودیہ میں بےگناہ خاندان منشیات کیس میں کلیئرہوگیا،9ملزم پکڑے گئے،محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سعودی حکام نے بےگناہ خاندان کو منشیات کیس سے کلیئر کردیا،9ملزمان پکڑے گئے۔عوام مفت میں عمرہ کروانے والوں سے ہوشیار رہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو منشیات کیس میں پھنسا دیا گیا تھا، اے این ایف نے زبردست کام کیا ورنہ یہ لوگ ساری زندگی واپس نہیں آسکتے تھے۔

محسن نقوی نے کہا کہ لاہورایئرپورٹ پر بیگ ٹیگ تبدیل کرکےبےگناہ خاندان کو پھنسانےوالےڈرگ گینگ کے9ملزمان کوگرفتارکرلیا گیاجبکہ سعودی عرب میں گرفتاربے گناہ خاندان کو رہائی مل گئی۔اے این ایف ٹیم کی کاوشوں سےخاندان کے5افراد واپس وطن آگئے۔

محسن نقوی نےمنشیات کیس سےرہائی پانےوالےبےگناہ خاندان کی رہائش گاہ پر خاندان کےافرادسےملاقات کی،ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبدالمعید بھی ان کے ہمراہ تھے۔

بعد ازاں، بے گناہ خاندان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ محسن نقوی  کا کہنا تھا کہ اے این ایف نے دن رات محنت کرکے انٹرنیشنل گینگ کا سراغ لگایا اور اصل ملزمان کو گرفتار کیا جب کہ سعودی عرب کی حکومت نے بھی بہت تعاون کیا جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

محسن نقوی نے کہا کہ اے این ایف کی ٹیم کو خصوصی ایوارڈز دیں گے، ٹیم نے انتہائی محنت سے کیس لڑا، اس طرح کوئی اپنا بھی کیس نہیں لڑتا، ملک میں منشیات خاتمہ کرنے کے لیے اے این ایف کو وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ اے این ایف اسمگلنگ کے خلاف بہترین کام کر رہا ہے، منشیات فروشوں کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے، منشیات میں ملوث کوئی بھی نام ہو ہم سے نہیں بچے گا۔

 ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس کا کہنا ہے کہ حکومت اور اے این ایف نے ملکر متاثرہ شہری کو بڑی مشکل سے بچایا،  23 دسمبر کو ایک گروہ نے ایک خاندان کے بیگ کو اسمگلنگ کےلیے استعمال کیا، سعودی حکام سے رابطہ کرکے ہم نے اس خاندان کو مشکل سے بچایا۔48 گھنٹے میں گینگ پکڑ کر سعودی حکومت کے ساتھ تفصیل شیئر کی۔

متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ اس واقعہ سے ہمیں بہت اذیت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور حکومت کی بروقت کارروائی سے ہمیں مصیبت سے نجات ملی۔

خیال رہے کہ لاہور کے علاقے مرغزار کالونی کی رہائشی فرحانہ اکرم 4 فیملی ممبرز کے ساتھ 23 دسمبر میں سعودی عرب گئیں، ڈرگ مافیا نے عملے کی ملی بھگت سے فرحانہ اکرم کے بیگ کا ٹیگ تبدیل کیا۔

بعد ازاں، فرحانہ اکرم اور ان کے فیملی ممبرز کو 30 دسمبر کو سعودی عرب میں حراست میں لیا گیا، اے این ایف نے کیمروں کی مدد سے تمام انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس کا جائزہ لیا۔

اے این ایف نے ایک پورٹر کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کی تو پورا گینگ بے نقاب ہوا اور انٹرنیشنل ڈرگ گینگ کے سرغنہ سمیت 9 ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا جب کہ اے این ایف نے تمام شواہد سعودی حکام کو دیے جس پر متاثرہ خاندان کی رہائی ممکن ہوئی۔

Back to top button