بھارت کاپاکستان سےدوسرا رابطہ،سیلاب کی پیشگوئی اطلاع دیدی

بھارت نے 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان سے دوسرا رابطہ کرتے ہوئے دریائے ستلج میں ممکنہ سیلاب کی پیشگی اطلاع دی ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد نے وزارت خارجہ کو دریائے ستلج میں پانی کی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔ بتایا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے ماضی میں بھی سیلابی پانی سے متعلق تفصیلات پاکستان کو فراہم کی جاتی رہی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت نے 24 اگست کو سیلابی وارننگز سندھ طاس کمیشن کے بجائے سفارتی ذرائع سے دی ہیں۔ پاکستان نے اعادہ کیا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عملدرآمد کا پابند ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل قرار دینا بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے اور ایسے یکطرفہ اقدامات خطے کے امن و استحکام پر منفی اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ رات بھی بھارت نے پاکستان کو دریائے طوی میں جموں کے مقام پر ممکنہ بڑے سیلاب سے متعلق وارننگ دی تھی۔ ذرائع کے مطابق یہ رابطہ مئی میں پاک بھارت جنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ہونے والا پہلا بڑا باضابطہ رابطہ تھا۔

Back to top button