بھارتی فضائیہ کا ونگ کمانڈرپاکستان کو معلومات دینےکےالزام میں گرفتار

بھارتی فضائیہ کے 44 سالہ حاضر سروس ونگ کمانڈر کو حساس دفاعی معلومات اور خفیہ دستاویزات مبینہ طور پر پاکستانی انٹیلیجنس آپریٹو کو فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق افسر کو مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر ایک خاتون نے ہنی ٹریپ کیا، جس کے بعد اس نے حساس معلومات اور دستاویزات شیئر کیں۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ونگ کمانڈر کو 30 مئی کو گرفتار کیا گیا تھا تاہم بھارتی پولیس نے اس کی گرفتاری کی تفصیلات تقریباً 50 روز بعد جاری کیں۔ افسر کا نام ظاہر نہیں کیا گیا جبکہ دہلی پولیس نے 30 جولائی کو مقدمے کی تحقیقات مکمل کرکے متعلقہ عدالت میں چارج شیٹ بھی جمع کرا دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی فضائیہ کی شکایت پر افسر کے خلاف آفیشل سیکرٹس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

بھارتی فضائیہ کے ترجمان نے بتایا کہ افسر کی سرگرمیوں پر نگرانی کی جارہی تھی اور بعد ازاں اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کردیا گیا۔

خصوصی سیل اور مرکزی انٹیلیجنس اداروں کی مشترکہ تفتیش کے بعد اسے جون میں عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ وہ اس وقت نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں ہے۔

 

Back to top button