بھارت کا رات کی تاریکی میں پاکستان پر شرمناک حملہ، 5 شہروں پر میزائل داغ دئیے

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ، بھارت نے پاکستان پر حملہ کرتے ہوئے 5 شہروں میں سویلین آبادی پر میزائل فائر کر دئیے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے تصدیق کی ہے کہ بھارت نے پاکستان پر6 مقامات پر 24 حملے کرتے ہوئے میزائل داغے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بہاولپور، کوٹلی، مظفرآباد، احمدپورایسٹ اور مریدکے میں فضا سے مساجد پر میزائل داغے گئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی حملوں میں 8 پاکستانی شہید 35 زخمی ہوئے
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے میزائل حملوں کی تصدیق کرتے ہوئےبتایا تھا کہ مظفرآباد، کوٹلی اور بہاولپور سمیت 5 مقامات پر میزائل داغے گئے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہم صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، بھارت کی جانب سے شرمناک حملے کا بھرپور جواب دیا جائےگا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاکستان اپنی مرضی کی جگہ اور وقت پر بھارت کو جواب دے گا، پاک فضائیہ متحرک ہے، بھارت طیاروں کو حدود میں گھسنے نہیں دیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ شرم ناک اشتعال انگیزی ہے اور اس کو جواب کے بغیر جانے نہیں دیا جائے گا، بھارت نے اس وقت بلااشتعال اور بزدلانہ حملہ کرکے جو عارضی خوشی حاصل کی ہے، اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا
دوسری طرف بھارتی حکومت نے بزدلانہ حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ دیر قبل بھارتی مسلح افواج نے آپریشن سندور کا آغاز کیا اور پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا جہاں سے اس نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارت کے خلاف دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی اور ہدایت جاری کی گئی تھی۔بھارتی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ ہمارے اقدامات مرکوز، نپے تلے اور غیر جارحانہ تھے ، کسی بھی پاکستانی فوجی تنصیب کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ بھارت نے اہداف کے انتخاب اور عملدرآمد کے طریقہ کار میں کافی تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی چل رہی ہے، بھارت نے پاکستان کے خلاف کارروائی کی دھمکی دی تھی، جبکہ پاکستان کی جانب سے واضح کیا گیا تھا کہ کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائےگا۔