بھارت کی ایٹمی ہمسایہ ملک کو مٹانے کی دھمکی ذہنی دیوالیہ پن ہے: آئی ایس پی آر

 

 

 

آئی ایس پی آر نے بھارتی آرمی چیف کے اشتعال انگیز بیان پر سخت ردعمل میں کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کی ایٹمی ہمسایہ ملک کو جغرافیہ سے مٹانے کی دھمکی ذہنی دیوالیہ پن، جنگی جنون اور اشتعال انگیزی کی مظہر ہے، پرامن بقائے باہمی کا راستہ اختیار کرے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق بھارتی آرمی چیف نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اشتعال انگیز بیان دیتےہوئے کہاکہ پاکستان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ جغرافیہ اور تاریخ کا حصہ بننا چاہتا ہے کہ نہیں۔

آئی ایس پی آر نے بھارتی آرمی چیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان پہلے ہی عالمی سطح پر ایک اہم ملک اور تسلیم شدہ ایٹمی طاقت ہے، پاکستان جنوبی ایشیا کے جغرافیے اور تاریخ کا ناقابلِ تردید حصہ ہے۔بھارتی آرمی چیف کا اشتعال انگیز بیان ظاہر کرتا ہےکہ بھارتی قیادت پاکستان کے وجود کے تصور کو قبول نہیں کرسکی، نہ ہی بھارتی قیادت 8 دہائیاں گزرنے کے باوجود درست اسباق سیکھ سکی ہے،یہ متکبرانہ، جنگجوانہ،تنگ نظر ذہنیت بارہا جنوبی ایشیا کو جنگوں اور بحرانوں کی طرف دھکیلتی رہی ہے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک خود مختار ایٹمی ہمسایہ ملک کو’’جغرافیے‘‘سے مٹانے کی دھمکی نہ کوئی تذویراتی اشارہ ہے، نہ سفارتی دباؤ، ایسی دھمکی ذہنی دیوالیہ پن،جنون اور جنگ پسندی کی عکاس ہے،ذمہ دار ایٹمی ریاستیں تحمل اور سٹریٹیجک سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔

 

Back to top button