شہباز شریف کے پی ٹی آئی کی 13 سالہ حکمرانی پر سوالات، کے پی میں ترقیاتی کاموں کی تفصیلات طلب

وزیراعظم نے این ایف سی کے 800 ارب روپے کے استعمال، سیف سٹی منصوبوں، اسپتالوں اور ڈیموں کی تعمیر سے متعلق سوالات اٹھا دیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 13 سالہ حکومتی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولتوں کے حوالے سے تفصیلات طلب کی ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سوال کیا کہ خیبرپختونخوا میں این ایف سی ایوارڈ کے تحت ملنے والے 800 ارب روپے سے کتنے سیف سٹی منصوبے قائم کیے گئے؟ محکمہ انسدادِ دہشت گردی کو کتنا مضبوط بنایا گیا؟ اس کے علاوہ وعدوں کے مطابق کتنے اسپتال، جامعات اور ڈیم تعمیر کیے گئے؟

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے 13 سال تک عوامی خدمت کے بجائے بڑے بڑے دعوے کیے، جبکہ اس عرصے میں زہر اگلا گیا، لانگ مارچ کیے گئے اور دھرنوں کا سلسلہ جاری رہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر بروقت فیصلہ نہ کیا جاتا تو خیبرپختونخوا کو مزید نقصان پہنچ سکتا تھا۔ عوام، ملک، معیشت اور معاشرے کو بچانے کے لیے فیصلہ کرنا ضروری تھا۔

انہوں نے خیبرپختونخوا کی ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

Back to top button