ٹرمپ کا اسرائیل کی سالانہ 4ارب ڈالرکی امداد روکنےکااعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا رواں سال کے اختتام پر اسرائیل کے لیے سالانہ 4 ارب ڈالر کی امداد روک دے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ ایک معاہدہ طے کیا ہے جس کے تحت امریکا رواں سال کے اختتام پر اسرائیل کو دی جانے والی 4 ارب ڈالر کی سالانہ فنڈنگ بند کر دے گا۔
فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل کو اب اس فنڈنگ کی مزید ضرورت نہیں رہی اور یہ کہ کچھ ڈیموکریٹس اور بائیں بازو کے سیاست دان اسرائیل کو دی جانے والی امریکی مالی امداد کو ریپبلکنز پر تنقید کرنے کے لیے ایک سیاسی حربے کے طور پر استعمال کررہے تھے۔
ٹرمپ نے بتایا کہ ’جہاں تک اسرائیل کو مالی امداد دینے کا تعلق ہے، نیتن یاہو اور میں نے ایک معاہدہ کیا ہے کہ ہم اسرائیل کو سالانہ 4 ارب ڈالر دیتے ہیں اور ہم نے مہینوں پہلے ہی یہ فیصلہ کر لیا تھا کہ ہم اسے روک رہے ہیں۔ ہم پہلے ہی اس بات پر متفق ہو چکے ہیں کہ رواں سال کے اختتام تک ہم اسرائیل کو ادائیگی نہیں کریں گے۔ اب ہم تب ہی ان کی مدد کریں گے جب انہیں ضرورت ہوگی‘۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ٹرمپ کے اس بیان پر اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
