بلوچستان میں آپریشن،17 دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کا اہلکار شہید

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے دو اضلاع کچھی اور خاران میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد کر کارروائی کرتے ہوئے بھاری پراکسی فتنۃ الہندوستان سے منسلک 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی شہید ہوگیا۔
آئی ایس پی آرسے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں بھارتی پراکسی فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج سے منسلک دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر یکم نومبر2026 کو کارروائیاں کیں اور 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ضلع کچھی کے علاقے سنی میں انٹیلیجینس بیسڈ کارروائی کی گئی، کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے شہر میں روڈ بلاک کرنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائی سے اس کو ناکام بنا دیا گیا، اس موقع پر بھارت اسپانسرڈ 17 دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔
کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جینس بیسڈ ایک اور کارروائی ضلع خاران میں کی جہاں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو اڑا دیا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد مارے گئے، جو بھارتی اسپانسرڈ خوارج تھے، ان کے قبضے سے بھی اسلحہ اور بارود برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کا 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت پائی، جن کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع کرک سے تھا۔
بیان میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ان کارروائیوں کے بعد دہشت گردوں کی موجودگی کے شبہات دور کرنے کے لیے آپریشن کیا گیا۔
