حکومت نے پی ٹی آئی کو انتخابی اصلاحات کمیٹی کاحصہ بننےکی دعوت دیدی

حکومت نے پی ٹی آئی سے انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا حصہ بننے کی درخواست کردی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرپارلیمانی امورطارق فضل چوہدری نے پی ٹی آئی کےچیف وہپ عامرڈوگر کو ٹیلی فون کیا جس میں انتخابی اصلاحات کمیٹی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی جب کہ طارق فضل نے عامر ڈوگر سے پارلیمانی کمیٹی کا حصہ بننے کی درخواست بھی کی۔
ذرائع کے مطابق طارق فضل نےکہاکہ اپوزیشن سپیکر کوپارلیمانی کمیٹی میں شمولیت کے لیے نام جلد بھجوائے، اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی میں شمولیت سے پارلیمنٹ اور جمہوریت مضبوط ہوگی، اس پر عامر ڈوگر نے طارق فضل سے سوال کیا پارلیمانی کمیٹی کی کمپوزیشن کیا ہے، طارق فضل نے بتایا کہ ہر جماعت کی پارلیمانی قوت کو مدنظر رکھا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق طارق فضل نے کہا کہ نشستوں کے تناسب سے حکومت کے 15 اور اپوزیشن کے 5 ایم این اے رکن ہوں گے، عامر ڈوگر نے پوچھا کمیٹی میں انتہائی کم نمائندگی کے ساتھ اپوزیشن کیا کردار ادا کرے گی، 2013 میں جوانتخابی اصلاحات کمیٹی تھی اس کی تشکیل کا فارمولا مدنظر رکھا جائے، پارلیمانی قیادت سے مشاورت کے بعد حکومت کو جواب دوں گا لیکن انتخابی اصلاحات کمیٹی کو پہلے ہمارے انتخابات چوری کیے جانے کی تحقیقات کرنی چاہیےْ
ذرائع کے مطابق طارق فضل نےجواب دیا کہ ٹی او آرز کمیٹی نوٹیفکیشن کے بعد مرتب ہوں گے، کھلے دل اور کھلے ذہن سے آگے بڑھیں گے، اپوزیشن جلد نام دے تاکہ سپیکر کمیٹی کا نوٹیفیکیشن جلد کرسکیں۔
