ٹرمپ کا ایران پر ممکنہ حملے سے متعلق اہم بیان، کارروائی کل بھی ہو سکتی ہے
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ فوجی کارروائی کے وقت کا تعین نہیں بتائیں گے، تاہم ایران کے ساتھ بڑے معاہدے کا امکان بھی موجود ہے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پر حملہ کل ہی ہوسکتا ہے، تاہم یہ امکان بھی موجود ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کوئی بڑا معاہدہ طے پا جائے۔
ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے وقت سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ وہ کسی بھی ممکنہ حملے کے وقت کے بارے میں نہیں بتائیں گے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے معاملے کو بہت اچھے طریقے سے نمٹا چکے ہیں، تاہم اب ممکن ہے کہ باقی کام بھی مکمل کرنا پڑے۔
دوسری جانب ایک امریکی جریدے کے مطابق ایران کے خلاف ممکنہ حملے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ’جارج واشنگٹن‘ کو ہتھیاروں اور میزائلوں کے ذخیرے کی فراہمی پہنچائی جا چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب، اردن، قطر، متحدہ عرب امارات اور لبنان میں امریکی سفارتی عملے کی تعداد بھی کم کردی گئی ہے۔
