حنا جاوید قتل کیس کی تحقیقات میں انصاف یقینی بنائیں گے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب کا متاثرہ خاندان سے ذاتی ملاقات کا اعلان، اہلخانہ نے تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کردیا

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حنا جاوید قتل کیس میں انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تحقیقات تاحال مکمل نہیں ہوئیں۔

ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ وہ مقتولہ کے اہلخانہ سے ذاتی طور پر ملاقات کریں گی۔

اس سے قبل حنا جاوید کے اہلخانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو خط لکھ کر کیس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

خط میں اہلخانہ نے پولیس کی تحقیقاتی کمیٹی کے نتائج مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے براہِ راست رابطہ کرنے کی متعدد کوششیں کیں، تاہم انہیں کامیابی نہیں ملی۔

مقتولہ کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی کمیٹی کے طریقۂ کار سے انہیں انصاف ملنے کی امید نہیں رہی، اسی لیے وہ کمیٹی کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتے۔

اہلخانہ نے مطالبہ کیا کہ حنا جاوید قتل کیس کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے، ملزمان کو تحفظ نہ دیا جائے اور قانون کے مطابق انصاف فراہم کیا جائے۔

Back to top button