ٹرمپ نے جے ڈی وینس کوخارجہ پالیسی معاملات سے ہٹا دیا

امریکی صدر ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس کو بظاہر خارجہ پالیسی معاملات سے ہٹاتے ہوئے داخلی امور پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کردی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں ہے، ساتھ ہی انہوں نے نائب صدر جے ڈی وینس، جو اس جنگ کے خاتمے کی کوششوں میں کردار ادا کر رہے تھے، کو ہدایت کی کہ وہ اپنی مکمل  توجہ ڈیموکریٹس کے زیرِ انتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ جرائم اور کرپشن پر مرکوز کریں۔

ٹرمپ کی یہ ہدایت امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ جے ڈی  وینس ایک سینیئر ایرانی سکیورٹی عہدیدار کے ساتھ آمنے سامنے امن مذاکرات پر غور کر رہے ہیں۔ اس سے ایک ہفتہ قبل ہی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکنز کی شکست کی ایک وجہ ایران کے ساتھ جنگ کو قرار دیا تھا۔

ٹرمپ کے اس بیان نے ان کے لہجے میں ایک واضح تبدیلی کو ظاہر کیا ہے کیونکہ حالیہ ہفتوں میں انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا تھا کہ ایران امریکی انتخابات کے بعد معاہدہ کرنے کے لیے زیادہ رضامند ہوگا۔

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ہمیں ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں ہے، وہ دن گزر چکے۔ ہمارے پاس ان کا پیسہ، سیکڑوں اربوں ڈالرز ہیں اور ہمارے پاس ان کی آبنائے ہرمز ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے جے ڈی وینس سے کہا ہے کہ وہ اس کے بجائے ایک مقامی مسئلے پر توجہ مرکوز کریں جو صدر نے پہلے ہی ان کے ذمے لگایا تھا، یعنی امریکا بھر میں ڈیموکریٹس کے زیرِ انتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ فراڈ  کے خلاف مہم کی قیادت کرنا۔

Back to top button