پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی نہیں ہوگی،عمران خان نے جےیوآئی سےاتحاد کااشارہ دیدیا

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وکلا سے ملاقات  میں  سربراہ  جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ وسیع اتحاد کا پیغام بھیجا ہے۔عمران خان نے پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کی تجویز کو بھی مسترد کردیا۔

اڈیالہ جیل میں بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کے ساتھ ملاقات میں لطیف کھوسہ کی جانب سے  پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی پر رائے دی گئی تاہم بانی پی ٹی آئی نے پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کی تجویز مستردکردی۔

عمران خان نےکہا کہ موجودہ حکومت  اورپارلیمان میں سخت مؤقف اوربائیکاٹ رہنا چاہیے، موجودہ حکومت سے روابط یا تعاون اسے جواز فراہم کرتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان  نے دونوں اپوزیشن رہنماؤں پر اعتماد کا اظہارکیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے فیصلوں کا اختیار محمود اچکزئی اور راجہ ناصرعباس کے پاس ہی رکھا۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نےکہا کہ لارجر اپوزیشن الائنس کے لیے پی ٹی آئی نہیں اپوزیشن قائدین فیصلےکریں، بانی پی ٹی آئی عمران خان نےکہا کہ مولانا فضل الرحمان سے اپوزیشن  رہنما بات کریں، اپوزیشن الائنس کے ساتھ آگے بڑھیں۔عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ وسیع اتحاد کا پیغام بھیجا ہے۔

ذرائع کے مطابق سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ سے متعلق بانی پی ٹی آئی کو شکایت کی گئی۔ ملاقات میں اہلخانہ کی رہائی اور سیاست میں مداخلت پر مشاورت ہوئی، عمران خان نےواضح کیا کہ ان کی فیملی کا سیاست سےکوئی تعلق نہیں، عمران خان اپنی اہلیہ کی  رہائی اور علاج کے لیے رضامند تھے۔

Back to top button