بلال ثاقب اور ٹرمپ خاندان کے کرپٹو معاہدوں پر شکوک کیوں؟

 

 

 

پاکستان میں کرپٹو کرنسی سے جڑے اہم ترین سرکاری عہدے پر تعینات وزیر مملکت بلال بن ثاقب کی ٹرمپ خاندان کی کرپٹو بزنس کمپنی سے وابستگی اور انکے خاندانی روابط نے حکومت پاکستان اور امریکی صدر ٹرمپ کے قریبی بزنس سرکلز کے مابین  ماضی میں ہونے والے فنانشل معاہدوں پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

 

بھارتی اخبار دی پرنٹ کی ایک رپورٹ میں ان کی اس رشتہ داری کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ بلال بن ثاقب چیف آف جنرل سٹاف جنرل عمر احمد بخاری کے داماد ہیں جو کچھ عرصہ پہلے تک کور کمانڈر پشاور تھے۔ بلال بن ثاقب وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ میں وزیر مملکت بننے سے پہلے میں سرکاری عہدوں پر برطانیہ میں کاروبار اور سماجی منصوبوں سے وابستہ تھے، تاہم اپریل 2025 میں وہ ٹرمپ خاندان کے کرپٹو پلیٹ فارم ورلڈ لبرٹی فنانشل کے مشیر بھی مقرر ہوئے۔ ان کی سابقہ کاروباری وابستگی، فوجی خاندان سے رشتہ داری اور موجودہ سرکاری ذمہ داریوں کے تناظر میں ممکنہ مفادات کے ٹکراؤ کا سوال اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس وقت بلال بن ثاقب وزیر مملکت ہونے کے علاوہ چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے عہدے پر بھی تعینات ہیں۔

 

بلال بن ثاقب نے برطانیہ کی کوئین میری یونیورسٹی آف لندن سے بزنس مینجمنٹ میں گریجویشن کیا تھا، اس کے بعد انہوں نے لندن سکول آف اکنامکس سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ کوئین میری یونیورسٹی کے مطابق وہ بی بی ایس اینڈ کمپنی نامی ڈیجیٹل مارکیٹنگ ایجنسی کے بانی تھے، جس کے ذریعے برطانیہ اور بین الاقوامی سطح پر کاروباری اداروں کو خدمات فراہم کی جاتی تھیں۔

 

کرپٹو کی دنیا میں بلال کی دلچسپی سرکاری عہدوں سے پہلے شروع ہو چکی تھی۔ بلال بن ثاقب نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر بتایا ہے کہ وہ 2016 سے بٹ کوائن میں دلچسپی رکھتے تھے اور 2018 میں اس حوالے سے عوامی سطح پر بات کرنا شروع کی۔ ان کے مطابق وہ کرپٹو، بلاک چین اور ڈیجیٹل مالیات کے شعبے میں کاروباری سرگرمیوں اور مشاورت سے وابستہ رہے۔ اسی پس منظر میں اپریل 2025 میں انہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان سے منسلک کرپٹو پلیٹ فارم ورلڈ لبرٹی فنانشل کا مشیر مقرر کیا گیا۔ الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق انہوں نے پاکستانی حکومت میں شمولیت کے بعد یہ مشاورتی ذمہ داری چھوڑ دی تھی۔

 

پاکستان میں ان کا سرکاری سفر مارچ 2025 میں تب شروع ہوا جب وزارت خزانہ نے انہیں وزیر خزانہ کا چیف ایڈوائزر برائے کرپٹو مقرر کیا۔ یہ تقرری پاکستان کرپٹو کونسل کے قیام اور ملک میں ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبے کو منظم کرنے کی حکومتی کوششوں کا حصہ تھی۔ اس کے بعد وہ پاکستان کرپٹو کونسل کے بانی چیف ایگزیکٹو بنے اور مئی 2025 میں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے بلاک چین و کرپٹو مقرر ہوئے، جہاں انہیں وزیر مملکت کا درجہ حاصل تھا۔ بعدازاں وہ پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بن گئے، جو ملک میں کرپٹو کرنسی اور ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبے کی نگرانی اور ضابطہ کاری کا اہم ادارہ ہے۔

 

پاکستان اور ٹرمپ خاندان کے کاروباری مفادات سے جڑے سرکاری رابطے اپریل 2025 میں نمایاں ہوئے جب پاکستان کرپٹو کونسل نے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ ایک لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیدار موجود تھے۔ بعدازاں 14 جنوری 2026 کو وزارت خزانہ نے ورلڈ لبرٹی فنانشل سے وابستہ کمپنی ایس سی فنانشل ٹیکنالوجیز کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف شریک ہوئے، جبکہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو زیکری وٹکوف نے معاہدے پر دستخط کیے۔ بلال بن ثاقب بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 

اس معاملے میں بلال بن ثاقب کی سابقہ مشاورتی وابستگی بنیادی سوال بن گئی ہے۔ اب یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ کیا ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ پاکستان کا سرکاری تعاون طے کرنے سے پہلے اس کمپنی کے ساتھ ان کے تعلق کی مکمل تفصیلات متعلقہ حکام کے سامنے رکھی گئی تھیں؟ کیا انہوں نے کمپنی کے انتخاب یا اس کے ساتھ مذاکرات میں کوئی کردار ادا کیا اور اگر ایسا تھا تو ممکنہ مفادات کے ٹکراؤ سے بچنے کے لیے کیا انتظام کیا گیا؟

 

بلومبرگ کی مارچ 2026 کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ترجمان ڈیوڈ واکس مین نے بتایا تھا کہ بلال بن ثاقب نے حکومتی عہدہ سنبھالنے پر کمپنی کی مشاورتی ذمہ داری چھوڑ دی تھی اور اس کام کا انہیں معاوضہ بھی نہیں دیا گیا تھا۔ دوسری جانب الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ بلال بن ثاقب، پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی اور وزارت خزانہ نے اس معاملے پر اس کے سوالات کا جواب نہیں دیا۔

 

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان کا ورلڈ لبرٹی فنانشل میں کاروباری مفاد اور امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے بیٹے زیکری وٹکوف کا اس کمپنی کی قیادت میں ہونا بھی اس معاملے کو بین الاقوامی توجہ کا مرکز بناتا ہے۔ امریکہ میں ٹرمپ خاندان کے کاروباری مفادات پر ممکنہ کانگریسی تحقیقات کے تناظر میں پاکستان کے ساتھ ہونے والے معاہدے بھی سوالات کی زد میں آ سکتے ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی حکام کا مؤقف ہے کہ حکومت نے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے حصص نہیں خریدے، اس میں سرمایہ کاری کے لیے سرکاری رقم مختص نہیں کی گئی اور مفاہمتی یادداشت کا مقصد صرف ڈیجیٹل ادائیگیوں کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔ اب اصل ضرورت اس بات کی ہے کہ بلال بن ثاقب کی سابقہ وابستگی، ان کی سرکاری تقرریوں، کمپنی کے انتخاب اور معاہدوں کے پس منظر کو شفاف انداز میں واضح کیا جائے تاکہ ممکنہ مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق سوالات کا جواب مل سکے۔

Back to top button