عمران خان کی آنکھ میں بار بار انجیکشن کیوں لگ رہا ہے

عمران خان کی بائیں آنکھ کا مسئلہ نہ تو قید کی وجہ سے ہے اور نہ ہی خرابی صحت کی وجہ سے بلکہ یہ زائد العمری عمر کی وجہ سے ہونے والی بیماری ہے جسکے علاج کے لیے متاثرہ آنکھ میں بار بار انجیکشن لگایا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ اگلے روز عمران خان کو دوبارہ اڈیالہ جیل سے پمز ہسپتال منتقل کر کے ان کی متاثرہ آنکھ میں انجیکشن لگایا گیا، اس کا مقصد ان کے پردۂ چشم کو مزید نقصان سے بچانا، اس میں پیدا ہونے والی سوجن کم کرنا اور ان کی بینائی محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ ممکنہ حد تک بہتر بنانا بھی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق عمران خان جس بیماری میں مبتلا ہیں وہ عموماً عمر رسیدہ افراد میں زیادہ پائی جاتی ہے اور اس میں آنکھ کی مرکزی خون کی نس بند ہونے کے باعث پردۂ چشم تک خون کی فراہمی متاثر ہو جاتی ہے۔ اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی انتظامیہ کے مطابق عمران خان کو 10 اور 11 نومبر کی درمیانی شب راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے طبی معائنے اور آنکھ کے علاج کے فالو اپ کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ماہرین امراض چشم کی ٹیم نے ان کی دائیں آنکھ میں ایک انجیکشن لگایا۔ اس سے قبل عمران کی رضامندی حاصل کی گئی اور تمام ضروری طبی احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔ ان کی عمومی جسمانی حالت مستحکم تھی اور طبی معائنے کے بعد انہیں رات تقریباً ڈھائی بجے دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ پمز کے ایک اہلکار کے مطابق وہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے ہسپتال میں رہے۔
طبی ماہرین کے مطابق عمران کو لاحق مسئلہ دراصل آنکھ کے پردۂ چشم یعنی ریٹینا کی مرکزی خون کی نس میں رکاوٹ پیدا ہونے کی بیماری ہے۔ ریٹینا آنکھ کے اندر موجود ایک انتہائی حساس باریک تہہ ہے جو کیمرے کی فلم کی طرح کام کرتی اور روشنی کو محسوس کر کے دماغ تک بصری پیغام پہنچاتی ہے۔ جب اس کی مرکزی نس میں خون کا لوتھڑا بننے یا کسی دوسری وجہ سے رکاوٹ پیدا ہوتی ہے تو خون کی معمول کی روانی متاثر ہو جاتی ہے، جس کے نتیجے میں خون اور دوسرے مائع جات ریٹینا میں رسنے لگتے ہیں۔ اس سے پردۂ چشم پر سوجن، خون جمع ہونے اور آکسیجن کی کمی جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں، جو بینائی کو متاثر کرتے ہیں۔ اس بیماری کی دو اقسام ہیں اور مرکزی نس بند ہونے کی صورت میں بینائی کو زیادہ نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ایک سینئیر ماہر امراض چشم کے مطابق اس بیماری کی شدت ہر مریض میں مختلف ہو سکتی ہے۔ بعض افراد میں خون کی نس بند ہونے کے باعث پردۂ چشم پر متعدد مقامات سے خون رسنے لگتا ہے اور بینائی اس حد تک متاثر ہو سکتی ہے کہ مریض کو روشنی تک دکھائی دینا بند ہو جائے، جبکہ بعض مریضوں میں بینائی نسبتاً بہتر رہتی ہے۔ ان کے مطابق بیماری پہلی مرتبہ ظاہر ہونے کے وقت بینائی کو جتنا زیادہ نقصان پہنچ چکا ہو، بعد میں اس کی بحالی کے امکانات اتنے ہی کم ہو جاتے ہیں۔ اسی لیے بروقت تشخیص اور مسلسل علاج انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔
عمران خان سے ڈیل کی افواہوں میں کتنا سچ ہے؟
عمران خان کی آنکھ میں بار بار لگائے جانے والے انجیکشن کے ذریعے دوا کو براہ راست آنکھ کے اندر موجود شیشہ نما جیلی یعنی ویٹریئس میں پہنچایا جاتا ہے تاکہ وہ متاثرہ پردۂ چشم پر اپنا اثر دکھا سکے۔ یہ دوا پروٹین کی سرگرمی کو روکتی ہے، جو آنکھ میں غیر معمولی خون کی نئی نالیوں کی افزائش اور ان سے سیال کے اخراج کا باعث بنتا ہے۔ اس مرض کے علاج کے لیے لگائے جانے والے انجیکشن کے دو بنیادی فوائد ہیں: ایک یہ کہ آنکھ کے پردۂ چشم میں جمع ہونے والے سیال اور سوجن کو کم کرنا اور دوسرا آکسیجن کی کمی کے نتیجے میں بننے والی غیر معمولی اور کمزور خون کی نالیوں کی افزائش کو روکنا۔ اس طرح خون رسنے، مزید سوجن اور پردۂ چشم کو پہنچنے والے اضافی نقصان کے امکانات کم ہوتے ہیں اور بینائی کو محفوظ رکھنے یا بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق اس بیماری میں ہر مریض کو انجیکشن کی ایک خوراک کافی نہیں ہوتی بلکہ علاج کا دورانیہ بیماری کی شدت اور دوا کے اثرات پر منحصر ہوتا ہے۔ بعض مریضوں کو ماہانہ بنیادوں پر انجیکشن لگانے کی ضرورت پیش آتی ہے جبکہ کچھ مریضوں کے علاج کے نتائج تقریباً 60 دن بعد جانچے جاتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے او سی ٹی نامی جدید ٹیسٹ کیا جاتا ہے جس کے ذریعے پردۂ چشم کی موٹائی، سوجن اور اس میں جمع ہونے والے سیال کی مقدار کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ اگر انجیکشن کے باوجود سوجن باقی ہو یا بیماری کی علامات برقرار رہیں تو ڈاکٹر مزید انجیکشن تجویز کر سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عمران خان کو پہلے بھی متعدد مرتبہ یہ انجیکشن لگایا جا چکا ہے اور اب بھی ان کے علاج کا فالو اپ جاری ہے۔
