عمران خان سے ڈیل کی افواہوں میں کتنا سچ ہے؟

 

 

 

 

 

 

طاقتور فیصلہ سازوں کے قریبی حلقوں نے اس تاثر کو سختی سے مسترد کر دیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں مختلف مقدمات میں سزا یافتہ عمران خان کو حکومت یا اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے کسی قسم کی کوئی ڈیل آفر کی گئی ہے یا اس حوالے سے کوئی بات چیت جاری ہے۔ باخبر حلقوں کا کہنا ہے کہ عمران خان ایک سزا یافتہ قیدی ہیں اور ان کے ساتھ بھی وہی قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے گا جو ملک کے دیگر سزا یافتہ قیدیوں کے لیے رائج ہے، انہیں قانون سے ہٹ کر کوئی خصوصی رعایت نہیں دی جا سکتی۔

 

سوشل میڈیا پر عمران خان کو فوجی اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے ریلیف دینے کی افواہوں میں تیزی تب آئی جب یہ دعویٰ کیا گیا کہ تحریک انصاف اور حکام کے درمیان پس پردہ رابطوں میں پہلی مرتبہ عمران خان کے اہل خانہ بھی براہ راست شامل ہوگئے ہیں، جس کے نتیجے میں آئندہ چند روز کے دوران کسی پیشرفت ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ میڈیا میں عمران کے اہل خانہ سے مبینہ رابطوں  کو سیاسی کشیدگی کم کرنے اور خان اور ان کے خاندان کو درپیش مسائل کا حل بات چیت سے تلاش کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

 

غیر مصدقہ میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ رابطوں کے نتیجے میں کچھ پیشرفت ہو چکی ہے، جس میں عمران خان کے اہل خانہ اور ان کی بہنوں کی ملاقات کا انتظام بھی شامل ہے۔ اس پیشرفت کو مزید رابطوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ توقعات بھی ظاہر کی جا رہی ہیں کہ آئندہ چند روز میں بعض معاملات پر ٹھوس پیشرفت سامنے آ سکتی ہے اور ممکن ہے کہ عمران خان کی تین میں سے دو بہنوں کو بھی رہائی مل جائے، تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔ غیر مصدقہ میڈیا رپورٹس میں یہ خیال بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پس پردہ رابطوں کے عمل میں تحریک انصاف کی جانب سے اہم رابطہ کاروں کے علاوہ بعض حکومتی اور سرکاری حلقے بھی شامل ہیں، تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو بھی ان رابطوں میں اہم کردار ادا کرنے والا ایک رابطہ کار قرار دیا جا رہا ہے، تاہم جب اس معاملے پر ان سے تبصرے کے لیے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کسی بھی پہلو پر بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے معاملات پر گفتگو نہیں کر سکتے۔

 

دوسری جانب باخبر حکومتی اور عسکری حلقوں کا کہنا ہے کہ عمران خان کے حوالے سے نہ تو کسی قسم کی ڈیل کی جا رہی ہے اور نہ ہی انہیں ایسا کوئی ریلیف دیا جا سکتا ہے جو ملکی قانون کے تحت ممکن نہ ہو۔ ان کے مطابق حکومت یا فوجی اسٹیبلشمنٹ کسی سزا یافتہ قیدی کو محض سیاسی مفاہمت یا دباؤ کے تحت غیر قانونی طور پر رہائی نہیں دلوا سکتی۔ اگر کسی قسم کی رعایت لینی ہے تو اس کے لیے آئین اور قانون میں موجود طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا۔

 

فیصلہ ساز حلقوں کے مطابق قانونی طور پر یہ معاملہ اتنا سادہ نہیں جتنا بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ پاکستانی قانون کے تحت سزا یافتہ قیدی کو طبی ضرورت کے پیش نظر جیل سے ہسپتال منتقل کیا جا سکتا ہے اور سنگین بیماری، پیرول یا سزا کی معطلی کے مخصوص قانونی طریقہ کار کے تحت اسے جیل سے باہر رہنے کی اجازت بھی دی جا سکتی ہے، تاہم ہسپتال جانے کا مطلب رہائی نہیں ہوتا اور نہ ہی کسی قیدی کو محض انتظامی فیصلے کے ذریعے مستقل طور پر اسکی رہائش گاہ پر منتقل کیا جا سکتا ہے۔ آئین کے آرٹیکل 45، ضابطہ فوجداری کی دفعات 401 اور 426 اور متعلقہ جیل قواعد میں اس حوالے سے اختیارات اور شرائط موجود ہیں۔ چنانچہ عمران خان کو گھر منتقل کرنے یا رہا کرنے کے لیے بھی کسی واضح قانونی اختیار، مجاز اتھارٹی کے فیصلے یا عدالتی حکم کی ضرورت ہوگی۔ مزید یہ کہ ایک مقدمے میں ریلیف ملنے سے دوسرے مقدمات میں موجود قانونی تحویل خودبخود ختم نہیں ہو جاتی۔

 

حکومتی حلقوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحریک انصاف گزشتہ تقریباً تین برس کے دوران عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاجی تحریکوں، لانگ مارچوں اور مختلف سیاسی دباؤ کے حربوں سمیت ہر ممکن راستہ آزما چکی ہے، لیکن ان کوششوں کے باوجود پارٹی انہیں رہا کروانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ ان حلقوں کے مطابق مسلسل احتجاج اور سیاسی محاذ آرائی کے نتیجے میں تحریک انصاف کی سڑکوں پر احتجاج منظم کرنے کی صلاحیت بھی متاثر ہوئی ہے اور اب اس کی اسٹریٹ پاور ماضی کے مقابلے میں کم دکھائی دیتی ہے۔

کیا مزاحمت پسند عمران خان سے مفاہمت ممکن ہے؟

ان حلقوں کا استدلال ہے کہ جب تحریک انصاف اپنی پوری سیاسی اور احتجاجی قوت کے ساتھ سڑکوں پر موجود تھی، لانگ مارچ کیے جا رہے تھے اور عمران خان کی رہائی کے لیے ملک گیر احتجاج کی کالیں دی جا رہی تھیں، اس وقت بھی فیصلہ سازوں نے کسی دباؤ کو قبول نہیں کیا اور نہ ہی ان کے ساتھ کوئی ڈیل کی گئی۔ لہٰذا اب جبکہ پارٹی کی احتجاجی قوت کمزور پڑتی دکھائی دے رہی ہے تو عمران خان کو کوئی ایسی غیر قانونی رعایت دینے کی ضرورت یا وجہ کیوں پیش آئے گی؟ حکومتی حلقے اس مؤقف کو بھی مسترد کرتے ہیں کہ حالیہ رابطوں کو عمران خان کی رہائی کے لیے کسی طے شدہ ڈیل کا پیش خیمہ سمجھا جائے۔

Back to top button