سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کی اولین ترجیح ہے : ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ سعودی عرب پر حالیہ حملوں کےبعد مکہ دفاعی اتحاد کی ذمہ داریوں پر عملی پیش رفت شروع ہوئی ہے،سعودی عرب کی سلامتی اور خود مختاری کا تحفظ پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے عرب اخبار کو انٹرویو میں کہا ہےکہ سعودی عرب اور حرمین شریفین کی سلامتی پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاکستان موجودہ حالات میں سعودی عرب کے دفاع کےلیے تمام ضروری اقدامات کرنے کو تیار ہے،سعودی عرب کو دفاعی مقاصد کےلیے فوجی اہلکار، عسکری صلاحیتیں،تربیت اور لاجسٹک معاونت فراہم کریں گے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستانی فوجی پہلے ہی سعودی عرب میں مختلف ذمہ داریاں انجام دےرہے ہیں،پاکستانی فوجیوں کی بنیادی ذمہ داریوں میں دفاعی معاونت،فوجی مشقیں اور تربیتی سرگرمیاں شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہاکہ سعودی عرب پر حالیہ حملوں کےبعد مکہ دفاعی اتحاد کی ذمہ داریوں پر عملی پیش رفت شروع ہوئی ہے،پاکستان نے سعودی شہروں،ہوائی اڈوں اور شہری و اقتصادی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نےکہا کہ 26 اکتوبر کو تہران میں ایران کے ساتھ ہونےوالی ملاقات کا مقصد کشیدگی کم کرنے کا لائحہ عمل تیار کرناتھا،فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران ملاقات میں شرکت پاکستان کی مذاکرات اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کا اظہار ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ چاروں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کےلیے مذاکرات اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
