مولانا فضل الرحمن مسلسل حکومتی اداروں کے نشانے پر

 

 

 

 

طاقتور فیصلہ سازوں سے پنگا لینے کے بعد جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن مسلسل حکومتی اداروں کے نشانے پر ہیں اور ان کے بیٹے اسد الرحمن کے بعد اب ان کے قریبی ساتھی امان اللہ کے مالی معاملات اور جائیدادوں کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

 

ذرائع کے مطابق کم از کم تین اہم ترین حکومتی ادارے بشمول وفاقی تحقیقاتی ادارہ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے باریک بینی سے مولانا کے مبینہ فرنٹ مین امان اللہ کے گرد گھیرا تنگ کرنا شروع کر دیا ہے، اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس فور میں واقع ایک رہائش گاہ تحقیقاتی اداروں کی خصوصی توجہ کا مرکز ہے، جس کی ملکیت سرکاری ریکارڈ کے مطابق امان اللہ کے نام ہے اور اسے 2019 میں پانچ کروڑ روپے کی ظاہر کردہ رقم کے عوض ان کے نام منتقل کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں امان اللہ کو تحقیقاتی اداروں کے سامنے پیش ہونے کے لیے تیسرا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق زیرِ تفتیش جائیداد اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس فور، مکان نمبر سات، گلی نمبر 83 میں واقع ہے۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق یہ رہائش گاہ 23 مئی 2019 کو امان اللہ کے نام منتقل ہوئی تھی، جس کے لیے پانچ کروڑ روپے کی رقم ظاہر کی گئی تھی۔ تحقیقاتی ادارے اب اس بات کا پتا لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ جائیداد کی خریداری کے لیے رقم کہاں سے آئی اور اس کے مالی ذرائع کیا تھے۔

 

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے امان اللہ کے خلاف حوالہ ہنڈی، منی لانڈرنگ اور مشتبہ نقد لین دین کے الزامات کے تحت انکوائری شروع کر رکھی ہے۔ ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ وہ ملک سے فرار نہ ہو سکیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ دستاویزی ثبوت ملتے ہی امان اللہ کی گرفتاری کا امکان بھی بڑھ جائے گا۔

 

ایف آئی اے نے امان اللہ کو 2 نومبر اور 6 نومبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے نوٹس جاری کیے تھے، تاہم وہ دونوں مرتبہ پیش نہیں ہوئے۔ عدم پیشی کے بعد انہیں 10 نومبر کو طلب کرنے کے لیے تیسرا نوٹس بھیج دیا گیا ہے۔ تحقیقاتی ادارے اب ان کے مالی معاملات اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کے ذریعے انکوائری کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ اس معاملے میں ایف آئی اے کے ساتھ ایف بی آر اور سی ڈی اے بھی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ ایف بی آر کی توجہ جائیداد کی خریداری کے لیے ظاہر کردہ آمدن، ٹیکس ریکارڈ اور مالی وسائل پر مرکوز ہے، جبکہ سی ڈی اے کے ذریعے جائیداد کی ملکیت اور منتقلی سے متعلق سرکاری دستاویزات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

 

تحقیقات کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ پانچ کروڑ روپے کی ظاہر کردہ رقم امان اللہ کے معلوم ذرائع آمدن سے مطابقت رکھتی ہے یا نہیں، جائیداد کی خریداری کے لیے رقم کس ذریعے سے ادا کی گئی اور کیا اس لین دین میں تمام قانونی اور ٹیکس تقاضے پورے کیے گئے تھے۔ ان سوالات کے جوابات ہی اس انکوائری کی آئندہ سمت کا تعین کریں گے۔ مولانا فضل الرحمن کے خاندان اور قریبی حلقوں کے مالی معاملات کی چھان بین کا یہ سلسلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ان کے بیٹے اسد الرحمن کے مالی معاملات بھی زیرِ تحقیق رہنے کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔ تاہم امان اللہ کے خلاف شروع ہونے والی انکوائری کو بھی اس کے اپنے شواہد اور قانونی بنیادوں پر ہی پرکھا جانا ضروری ہے۔

 

یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمن پچھلے کچھ عرصے سے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ دونوں کے ساتھ نالاں ہیں اور انہوں نے حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان بھی کر رکھا ہے تاہم اس حوالے سے ابھی تک انہوں نے کوئی عملی پیشرفت نہیں کی۔

Back to top button