کیا NCCIA کو آپکے موبائل فون ڈیٹا تک رسائی حاصل ہے؟

پاکستانیوں کے موبائل فونز میں محفوظ نجی تصاویر، ویڈیوز، واٹس ایپ چیٹس اور براؤزنگ ہسٹری تک نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی یعنی این سی سی آئی اے کی رسائی کی افواہوں نے سوشل میڈیا صارفین کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، پریشانی کا شکار سوشل میڈیا صارفین ایک دوسرے سے یہ سوال کرتے نظر آتے ہیں کہ کیا این سی سی آئی اے واقعی جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے کسی بھی موبائل فون کا پرائیویٹ ڈیٹا حاصل کر سکتا ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ ماہرین کے مطابق تکنیکی اعتبار سے کسی موبائل فون میں محفوظ تصاویر، ویڈیوز، پیغامات اور دیگر معلومات تک رسائی حاصل کرنا ممکن ہے، تاہم عموماً اس کے لیے موبائل فون یا اس سے منسلک کسی اکاؤنٹ کی سکیورٹی متاثر ہونا ضروری ہوتا ہے۔ نقصان دہ ایپلی کیشنز، مشکوک لاگ اِن، بدنیتی پر مبنی تشہیری مواد اور جاسوسی سافٹ ویئر ایسے ذرائع ہیں جن کے ذریعے صارفین کی نجی معلومات تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق بعض جدید جاسوسی سافٹ ویئر اس قدر جدید ہیں کہ وہ صارف کو علم ہوئے بغیر موبائل فون سے ڈیٹا جمع کرکے کسی دوسرے شخص یا نظام کو منتقل کر سکتے ہیں۔ اس معلومات میں واٹس ایپ سمیت مختلف ایپلی کیشنز کے پیغامات، تصاویر، ویڈیوز، فائلیں اور صارف کی لوکیشن شامل ہو سکتی ہے، جبکہ بعض حالات میں موبائل فون کے کیمرے اور مائیکروفون تک رسائی بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔
اسکے علاوہ جاسوسی سافٹ ویئر کی بعض جدید اقسام ایسی بھی ہیں جو صارف کی جانب سے کسی مشکوک لنک پر کلک کیے بغیر فون میں داخل ہونے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ اس معاملے کا ایک اہم پہلو شہریوں کا بنیادی حقِ رازداری ہے، کیونکہ کسی مقدمے کی تحقیقات کے دوران موبائل فون سے ڈیجیٹل شواہد حاصل کرنا، کسی شخص کے اکاؤنٹ تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنا اور اس کی نجی زندگی کی مسلسل نگرانی کرنا تین مختلف معاملات ہیں۔ اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ تحقیقاتی ادارے کن قانونی اختیارات کے تحت، کس نوعیت کے مقدمے میں اور کس طریقہ کار کے ذریعے کسی شہری کی ڈیجیٹل معلومات تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔ اس حوالے سے قانونی حدود، شفافیت اور اداروں کی مؤثر نگرانی بھی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
ادھر سوشل میڈیا پر سائبر کرائم کے مقدمات، ایف آئی آرز اور گرفتاریوں کی خبروں نے نوجوانوں میں بھی خوف اور غیر یقینی کی کیفیت پیدا کر دی ہے۔ کراچی کے نوجوان محمد شعیب کے مطابق ماضی میں دوستوں کے درمیان ہنسی مذاق میں مختلف نوعیت کا مواد شیئر کرنا معمول کی بات تھی، لیکن اب لوگ اس معاملے میں غیر معمولی احتیاط برتنے لگے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک دوست کا واقعہ بیان کیا جسے اچانک ایک ایسے گروپ میں شامل کیا گیا جہاں نامناسب اور برہنہ مواد شیئر کیا جانے لگا، جس کے بعد اس کا اکاؤنٹ بند ہو گیا۔
محمد شعیب کے مطابق ان کا دوست گزشتہ دو سے چار برس سے اسی اکاؤنٹ کے ذریعے آمدنی حاصل کر رہا تھا اور اکاؤنٹ بند ہونے سے اس کا روزگار بھی متاثر ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی آرز اور گرفتاریوں کی خبروں کے بعد نوجوان اب دوستوں کے ساتھ مذاق کرنے یا سوشل میڈیا پر مختلف مواد شیئر کرنے سے بھی گریز کرتے ہیں، کیونکہ انہیں خدشہ رہتا ہے کہ کہیں کسی دوسرے شخص کی جانب سے شیئر کیے گئے مواد یا کسی گروپ میں غیر ارادی شمولیت کی وجہ سے وہ خود کسی قانونی کارروائی میں نہ پھنس جائیں۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق این سی سی آئی اے کے پاس ہر شہری کے موبائل فون میں موجود تمام نجی معلومات تک ہر وقت اور بلاامتیاز رسائی ہونے کا تاثر درست نہیں، تاہم یہ سمجھنا بھی درست نہیں کہ موبائل فون میں محفوظ ڈیٹا مکمل طور پر ناقابلِ رسائی ہے۔ ڈیجیٹل فارنزک کے ذریعے قانونی تحقیقات میں شواہد حاصل کیے جا سکتے ہیں، جبکہ جدید جاسوسی سافٹ ویئر بھی نجی معلومات کی چوری اور نگرانی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انکا کہنا یے کہ شہریوں کو مشکوک ایپلی کیشنز سے اجتناب، غیر معروف روابط نہ کھولنے اور مضبوط پاس ورڈز کے استعمال کے ذریعے اپنے ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی حفاظت یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب این سی سی آئی اے کے ایک اعلیٰ افسر نے موبائل فونز تک غیر قانونی رسائی اور شہریوں کی پرائیویسی کی خلاف ورزی بارے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کو غلط قرار دیا ہے۔ این سی سی آئی اے کراچی کے سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر طارق نواز کے مطابق وزارت داخلہ کے تحت کام کرنے والا یہ ادارہ فوجداری تحقیقات اور ڈیجیٹل فارنزک سمیت مختلف طریقوں سے سائبر کرائم کیسز کی تفتیش کرتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کی ڈیجیٹل پرائیویسی کا تحفظ بھی ضروری ہے اور ادارے کی کوشش ہوتی ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کے ساتھ لوگوں کی سلامتی اور نجی معلومات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر موبائل فونز تک غیر مجاز رسائی اور نجی معلومات کی خلاف ورزی سے متعلق پھیلنے والی خبروں کو غلط قرار دیا۔
