مریم اور سالک کی جنگ: قاف اور نون کا اتحاد خطرے میں

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے درمیان بڑھتی ہوئی لفظی جنگ نے مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) کے حکومتی اتحاد کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ مریم کی جانب سے چوہدری خاندان کے خلاف زبان درازی کے بعد چوہدری شجاعت حسین کی جماعت نے پنجاب اور وفاق میں ن لیگ کے ساتھ اتحاد پر نظرثانی کا عندیہ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ حکومت کی اتحادی ہے، ملازم نہیں کہ کرپشن کی نشاندہی پر بھی خاموش رہے۔ دوسری طرف وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے سالک کو کرپشن کے ثبوت سامنے لانے کا چیلنج دیتے ہوئے ان کا ساتھ دینے کی پیشکش کر دی ہے۔
مسلم لیگ (ق) اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان جنگ کا سبب وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین کا وہ انٹرویو بنا جس میں انہوں نے پنجاب میں مبینہ کرپشن، ترقیاتی بجٹ کی غیر منصفانہ تقسیم اور سرکاری وسائل کے استعمال پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ روزانہ کرپشن کی ایسی کہانیاں سنتے ہیں جن میں صداقت بھی ہوتی ہے، ان کے بقول اب کرپشن کی فائلیں نہیں بلکہ الماریاں بھر چکی ہیں اور ان معاملات کو نوٹ کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کا بڑا حصہ لاہور پر خرچ ہو رہا ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ ان کے پاس کرپشن کے براہ راست دستاویزی شواہد موجود نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سالک کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انہیں سراسر جھوٹ قرار دیا اور کہا تھا کہ اگر کسی کے پاس کرپشن کے ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائے ورنہ قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے، انہوں نے کہا کہ سالک کو معافی مانگنا ہوگی ورنہ میں اسے عدالت میں گھسیٹوں گی۔ مریم نواز نے اس تنازعے کو گجرات میں ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی سے جوڑتے ہوئے الزام لگایا تھس کہ چوہدری سالک اپنی پسند کا ڈپٹی کمشنر تعینات کرانا چاہتے تھے، لیکن وہ کسی سیاسی سفارش پر انتظامی افسران کی تعیناتی نہیں کرتیں، بعد ازاں مریم نواز کی جانب سے سالک حسین کو پانچ ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھی بھجوایا گیا جس میں بیان واپس لینے اور غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا۔
چوہدری سالک حسین نے مریم نواز کے قانونی نوٹس اور سخت ردعمل کے باوجود اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بیان پر قائم ہیں اور قانونی نوٹس کا بھرپور جواب دیا جائے گا، اسی دوران پنجاب حکومت کی جانب سے چوہدری سالک کو فراہم کی گئی ایلیٹ فورس کی سیکیورٹی واپس لے لئی گئی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے سالک حسین کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے مستقبل کے متبادل انتظام کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔
اس معاملے میں مسلم لیگ (ق) نے بھی جارحانہ مؤقف اختیار کر لیا ہے، پارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف حکومت کے قیام کے وقت تمام اتحادی جماعتیں چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر جمع ہوئی تھیں جہاں ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت مسلم لیگ (ق) نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں شمولیت اختیار کی تھی، انکے مطابق اس سیاسی انتظام میں صدر آصف زرداری بھی شریک تھے اور جس فارمولے کے تحت مسلم لیگ (ن) کو حکومت ملی اسی کے تحت مسلم لیگ (ق) کو بھی وزارتیں دی گئی تھیں، قاف لیگ کے ترجمان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر مسلم لیگ (ق) کو وزارتیں چھوڑنے کے لیے کہا گیا تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہے لیکن سوال یہ ہے کہ کیا حکومتی کرپشن کی نشاندہی کرنا گناہ ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس معاملے پر استعفوں کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تو پھر سب سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خود استعفیٰ دینا چاہیے، اس کے بعد دونوں جماعتیں اپنی وزارتیں چھوڑ کر نئے سیاسی اتحاد اور نئے اصول و ضوابط طے کریں۔
مسلم لیگ (ق) کے ترجمان نے شریف خاندان کے رویے پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کے خاندان نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد قائم کرنے کے لیے سیاسی قیمت ادا کی اور اس کے نتیجے میں خاندانی تقسیم بھی برداشت کرنا پڑی، لیکن انہیں اندازہ نہیں تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اس قدر بازاری رویہ اختیار کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق) حکومت کی اتحادی ہے، ملازم نہیں، اس لیے اسے غلط کاموں اور عوامی مفاد سے متعلق معاملات پر سوال اٹھانے کا پورا حق حاصل ہے، کرپشن ایک عمومی مسئلہ ہے اور اس کی نشاندہی کو کسی ایک شخصیت کے خلاف ذاتی الزام قرار نہیں دیا جا سکتا۔
