سکھ لیڈر کے قتل کی سازش: امریکی عدالت کا ‘را ‘کو ڈنڈا

امریکہ کی عدالتی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک وفاقی جج نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے سابق سربراہ سامنت گوئل اور بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوال کو سکھ رہنما گرو پتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کے مقدمے میں سمن جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ نیویارک کی وفاقی عدالت نے حکم دیا ہے کہ دونوں بھارتی عہدیداروں کو امریکی عدلیہ کے ذریعے نئی دہلی کی متعلقہ عدالتوں میں سمن بھجوائے جائیں۔
یہ پیش رفت امریکہ میں خالصتان کے حامی سکھ رہنما گرو پتونت سنگھ پنوں کی جانب سے دائر کردہ کیس میں ہوئی ہے، جس میں انہوں نے بھارتی حکومت اور اس کے اعلیٰ حکام پر امریکی سرزمین پر اپنے قتل کی سازش تیار کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ڈسٹرکٹ آف نیویارک کی ضلعی جج کیتھرین پوک نے 9 نومبر کو پتونت سنگھ پنوں کی درخواست منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ اجیت ڈوال اور را کے سابق سربراہ سامنت گوئل کو امریکی عدالتی طریقہ کار کے تحت بھارت میں سمن پہنچائیں۔
پنوں نے اس مقصد کے لیے نئی دہلی کی تین عدالتوں بشمول پٹیالہ، دوارکا اور تیس ہزاری کورٹس کی نشاندہی کی ہے، جن کے دائرہ اختیار میں دونوں بھارتی عہدیداروں کی رہائش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ یہ کیس ستمبر 2024 میں امریکی شہری گرو پتونت سنگھ پنوں نے دائر کیا تھا، جس میں بھارتی حکومت، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوال، را کے سابق افسر وکاش یادو، بھارتی شہری نکھل گپتا اور بعض نامعلوم افراد کو فریق بنایا گیا ہے۔
پنوں کا الزام ہے کہ خالصتان کے نام سے ایک آزاد سکھ ریاست کے قیام کی تحریک چلانے پر انہیں انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے نیویارک میں ان کی رہائش گاہ پر قتل کرنے کی سازش تیار کی گئی تھی۔ پنوں امریکہ میں سکھ علیحدگی پسند تنظیم ’سکھ فار جسٹس‘ کے سرگرم رہنما ہیں، جسے بھارت کی وزارت داخلہ نے 2019 میں دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔
یاد رہے کہ امریکی وزارت خارجہ اس سے قبل بھی بھارتی حکومت کو عدالتی سمن پہنچانے کے لیے سفارتی ذرائع استعمال کر چکی ہے۔ بی بی سی کے مطابق امریکی وزارت خارجہ نے 9 اکتوبر کو عدالتی دستاویزات اور سمن ایک سفارتی نوٹ کے ذریعے واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے بھیجے تھے، جس کے بارے میں 20 اکتوبر کو نیویارک کی عدالت کو آگاہ کیا گیا۔ سفارتی نوٹ میں بھارتی سفارت خانے سے درخواست کی گئی تھی کہ عدالتی شکایت اور سمن متعلقہ بھارتی حکام تک پہنچائے جائیں۔ امریکی حکام نے واضح کیا تھا کہ سفارتی ذریعے سے دستاویزات بھیجنا ایک ضابطے کی کارروائی ہے اور اس کا مطلب مقدمے کے میرٹ پر امریکی حکومت کا کوئی مؤقف اختیار کرنا نہیں ہے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق مقدمے کے فریقین کو سمن موصول ہونے کے بعد 60 دن کے اندر اپنا جواب داخل کرنا ہوگا، بصورت دیگر عدالت ان کی نمائندگی یا دلائل سنے بغیر بھی کارروائی آگے بڑھا سکتی ہے۔ اس سے قبل پنوں کی قانونی ٹیم نے فروری 2025 میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے دوران اجیت ڈوال کو ذاتی طور پر عدالتی سمن پہنچانے کی تین مرتبہ کوشش کی تھی، تاہم ان کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے یہ کوششیں ناکام بنا دی تھیں۔
ادھر بھارت کی حکومت نے امریکی عدالت کے حکم کو مسترد کرتے ہوئے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ انڈیا اپنے اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی الزامات کو مسترد کرتا ہے اور اس مقدمے کو بھی فرضی اور بے معنی سمجھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں کسی بھی شخص کو قانونی نوٹس صرف مقررہ مرکزی اتھارٹی یعنی وزارت قانون کے ذریعے ہی پہنچایا جا سکتا ہے۔ یوں نئی دہلی نے امریکی عدالت کے طے کردہ طریقہ کار پر بھی اعتراض اٹھایا ہے۔
لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس قتل کی سازش میں امریکی تحقیقاتی اداروں نے جون 2023 میں بھارتی شہری نکھل گپتا کو جمہوریہ چیک کے دارالحکومت پراگ سے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد اسے امریکہ منتقل کیا گیا۔ امریکی تفتیش کاروں کے مطابق را کے ایجنٹ وکاش یادو نے نکھل گپتا کو رقم کے عوض پنوں کے قتل کے لیے کرائے کا قاتل تلاش کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی۔ امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ دستاویزات میں بھی وکاش یادو اور نکھل گپتا کے درمیان رابطوں اور منصوبہ بندی کی تفصیلات سامنے لائی گئی تھیں۔
اس معاملے میں ایک اہم پیش رفت فروری 2026 میں ہوئی جب نکھل گپتا نے امریکی عدالت میں رقم لے کر قتل کرنے، قتل کی سازش اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں اپنا جرم قبول کر لیا۔ اب اس کے مقدمے کا فیصلہ 20 نومبر کو متوقع ہے جس میں امریکی حکومت نے پنوں کو بطور متاثرہ شخص اور گواہ عدالت میں تقریباً 20 منٹ بیان دینے کی اجازت دینے کی درخواست کی ہے۔ امریکی اٹارنی جیمز ایم مکڈونلڈ کے مطابق فیصلے کے موقع پر کچھ آڈیو اور ویڈیوز بھی پیش کی جائیں گی، جبکہ عدالت میں 200 سے زائد افراد کی آمد متوقع ہونے کے باعث کارروائی کسی بڑے ہال میں منتقل کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
