مریم نواز اور سالک حسین کی جنگ کا انجام کیا ہوگا؟

چوہدری سالک حسین اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے درمیان کرپشن الزامات کا تنازع اب محض دو سیاست دانوں کی لفظی جنگ نہیں رہا بلکہ اس نے شریف خاندان اور چوہدری خاندان کے درمیان سیاسی تعلقات، مسلم لیگ (ق) کے اندرونی اختلافات اور وفاقی اور پنجاب حکومت کے اتحاد کو بھی متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی جانب سے پنجاب حکومت پر کرپشن، ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم اور لاہور کو صوبے کے دیگر اضلاع پر ترجیح دینے کے الزامات کے بعد مریم نواز نے انہیں پانچ ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا تھا، تاہم سالک نے اپنے الزامات واپس لینے سے انکار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے موقف پر قائم ہیں اور عدالت میں اپنے الزامات کے حق میں شواہد پیش کریں گے۔

اس تنازع کا آغاز تب ہوا جب مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی سالک حسین نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی کارکردگی کو سراہا اور موجودہ پنجاب حکومت پر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں صوبے میں کرپشن کی شکایات مسلسل سننے کو ملتی ہیں، ترقیاتی منصوبوں میں سیاسی ترجیحات کو اہمیت دی جا رہی ہے اور پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کا غیر معمولی حصہ لاہور پر خرچ کیا جا رہا ہے، جبکہ دوسرے اضلاع کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سرکاری وسائل کے استعمال، خصوصاً حکومتی طیاروں کے استعمال پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں کو مشکل معاشی حالات میں سرکاری اخراجات کے بارے میں زیادہ محتاط ہونا چاہیے۔

 

چوہدری سالک حسین کے ان بیانات پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے اٹک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سخت ردعمل دیا اور کہا کہ اگر کسی وفاقی وزیر کے پاس پنجاب میں کرپشن کے ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائے، بصورت دیگر انہیں عدالت میں جواب دینا ہوگا۔ مریم نواز نے سالک حسین کو پانچ ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا اعلان کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر انہیں پنجاب حکومت کرپٹ نظر آتی ہے تو وہ اسی حکومت کا حصہ کیوں ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس تنازع کو گجرات کے ڈپٹی کمشنر کی تبدیلی سے بھی جوڑا اور دعویٰ کیا کہ سالک حسین اپنی پسند کا افسر تعینات کرانا چاہتے تھے، تاہم انہوں نے کسی کو بھی عوامی مینڈیٹ میں مداخلت کی اجازت نہ دینے کا اعلان کیا۔

اسی تقریر میں انہوں نے سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے دور میں گجرات کی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران وہاں پانی اس قدر جمع ہو جاتا تھا کہ ان کی لینڈ کروزر بھی پانی میں ڈوب گئی تھی، جبکہ اب شہر میں بارش کا پانی جمع نہیں ہوتا۔ مریم نواز کے قانونی نوٹس کے بعد چوہدری سالک نے اپنے مؤقف میں نرمی دکھانے کے بجائے اسے مزید واضح کیا اور کہا کہ وہ اپنے بیان پر قائم ہیں اور انہیں اپنے الفاظ واپس لینے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حقیقت حقیقت ہوتی ہے اور وہ اس پر قائم رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مریم نواز کے قانونی نوٹس کا جواب تیار کر چکے ہیں اور عدالت میں اپنے الزامات کے حق میں شواہد پیش کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے انٹرویو میں مریم نواز کا نام لے کر الزام نہیں لگایا گیا تھا بلکہ ان سے سوال کیا گیا تھا جس کا انہوں نے ایمانداری سے جواب دیا۔ تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مریم نواز نے اپنی تقریر میں ان کے خاندان کے حوالے سے گری ہوئی اور گھٹیا زبان استعمال کی۔

 

دراصل اس تنازع نے چوہدری خاندان کے اندرونی اختلافات کو بھی دوبارہ نمایاں کر دیا ہے۔ چوہدری سالک حسین کے کزن اور مسلم لیگ (ق) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری حسین الٰہی نے بھی مریم نواز حکومت پر ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم اور گجرات کو نظرانداز کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ قلعہ اسلام نگر کے قریب ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ مریم نواز حکومت نے وزیراعلیٰ کے لیے تقریباً گیارہ ارب روپے کا طیارہ خریدا، لیکن ان کے حلقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے مختص تین ارب روپے جاری نہیں کیے جا رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گجرات کے عوام کو معلوم ہے کہ شہر میں ترقی کے دعوؤں کے باوجود زمینی صورتحال کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے دور میں شروع ہونے والے منصوبوں کے فنڈز روک دیے گئے ہیں۔ ان کے والد چوہدری وجاہت حسین نے بھی پرویز الٰہی کے دور حکومت کی تعریف کی ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ مریم نواز اور چوہدری خاندان کے مختلف سیاسی دھڑوں کے درمیان اختلافات اب کھل کر سامنے آ رہے ہیں۔

دوسری جانب پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے چوہدری سالک حسین کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا طرزِ گفتگو چوہدری خاندان کی روایتی سیاسی وضع داری اور وقار کے برعکس ہے۔ انہوں نے سالک حسین کو مشورہ دیا کہ اگر انہیں حکومت کی پالیسیوں سے اختلاف ہے تو وہ وزارت سے استعفیٰ دے کر اپوزیشن میں بیٹھ جائیں۔  اس تنازع کا ایک اہم پہلو چوہدری سالک حسین کے بڑے بھائی چوہدری شافع حسین کا سیاسی کردار بھی ہے جو خود مریم نواز کی پنجاب کابینہ میں وزیر صنعت و تجارت ہیں۔ اس صورت حال نے مسلم لیگ (ق) کے لیے ایک مشکل سیاسی کیفیت پیدا کر دی ہے کہ ایک بھائی وفاقی کابینہ میں مسلم لیگ (ن) کے اتحادی کی حیثیت سے کام کر رہا ہے جبکہ دوسرا اسی حکومتی اتحاد کی پنجاب حکومت پر کرپشن کے الزامات لگا رہا ہے۔

تاہم شافع حسین نے اپنے بھائی سے لاتعلقی اختیار کرنے سے انکار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سالک کی اپنی سیاسی رائے ہے اور وہ اس کے بیان سے پیشگی آگاہ نہیں تھے۔ سالک حسین نے بھی اپنے بھائی کے ممکنہ استعفے کے سوال پر کہا کہ اس بارے میں فیصلہ شافع حسین خود کریں گے۔ ادھر مریم نواز کی جانب سے سالک حسین کی رہائش گاہ پر تعینات ایلیٹ فورس کے اہلکار واپس بلائے جانے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔ سالک حسین کے مطابق یہ اہلکار گزشتہ تقریباً ڈیڑھ سال سے ان کی سکیورٹی پر مامور تھے، تاہم تنازع کے بعد انہیں پولیس لائنز رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

Back to top button