وزیراعظم کی ترک صدرسےملاقات،خطےکی سکیورٹی پرتبادلہ خیال

انطالیہ: وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوئی جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے لیے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی آج انطالیہ میں اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی کے فریم ورک کنونشن
کے تحت کوپ 31 کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے دوطرفہ ملاقات ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کے مثبت سمت میں آگے بڑھنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم اور ترک صدر نے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، جس میں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری، دفاعی تعاون، توانائی کے شعبے میں اشتراک اور علاقائی روابط کے فروغ پر توجہ مرکوز رہی۔
دونوں رہنماؤں نے جاری اقدامات پر عملدرآمد تیز کرنے اور اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے علاقائی ممالک، بالخصوص معاہدہ مکہ کے رکن ممالک کی جاری کوششوں کو اجاگر کیا۔
صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے تعمیری کردار اور ان سفارتی کوششوں کو سراہا جن کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کے دوران مستقل حمایت اور قریبی رابطہ کاری پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔
