چاغی میں سونے اور تانبے کے ذخائر کی تلاش کیلئےمعاہدہ

آئیون ہو مائنز اور ماڑی منرلز کے درمیان بلوچستان کے ضلع چاغی میں تانبے اور سونے کے ذخائر کی تلاش کا معاہدہ طے پا گیا اور معاہدے پر دستخط کرلیے گئے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے آئیون ہو مائنز اور ماڑی منرلز کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی عالمی مائننگ اور سرمایہ کاری کمپنیوں کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں کیں اور اسی موقع پرآئیون ہو مائنز اور ماڑی منرلز کے درمیان بلوچستان کے ضلع چاغی میں تانبے اور سونے کے ذخائر کی تلاش کا معاہدہ طے پایا۔

معاہدے کے تحت دونوں کمپنیاں چاغی میں تانبے اور سونے کے ذخائر کی تلاش اور معدنی وسائل کی استعداد کا جائزہ لیں گی۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم سے بیرک کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن اور کمپنی کی سینئر قیادت نے بھی ملاقات کی اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بیرک  کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن کا کہنا تھا کہ پاکستان آنا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے اور یہ کمپنی کے پاکستان کے ساتھ مسلسل روابط کی عکاسی ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم سے برطانیہ کی مائننگ اور انجینئرنگ کمپنی وئیر کے چیف ایگزیکٹو اینڈریو نیلسن نے ملاقات میں بتایا کہ وئیر پاکستان میں ریکوڈک کے ساتھ ساتھ دیگر معدنی منصوبوں میں بھی شمولیت بڑھانے کی خواہاں ہے۔

علی پرویز ملک سے عالمی کمپنی ٹریفگورا کے ہیڈ آف میٹلز اینڈ منرلز (مینا) ابراہیم الجزار نے بھی ملاقات کی، ٹریفگورا نے پاکستان کے زنک اور بیرایٹ منصوبے اور اس کے علاوہ پاکستان میں ایل پی جی، بانڈڈ اسٹوریج اور ریفائنری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم نے ترکیہ کی کمپنی چالک ہولڈنگ کے چیف ایگزیکٹو مصطفیٰ آکسوئے سے ملاقات کی، اس کے علاوہ رابرٹ فریڈلینڈ کی قیادت میں آئیون ہو مائنز کے وفد سے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے جوڑنے کا اہم پلیٹ فارم ہے، عالمی کمپنیوں کی دلچسپی پاکستان کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے امکانات کی عکاس ہے۔

 

Back to top button