ایران جنگ ختم کرانے کےلیے امریکا کی چین سے مدد کی درخواست

امریکا نے ایران کے ساتھ جاری جنگ ختم کرانے کےلیے چین سے سفارتی کردار ادا کرنے کی درخواست کردی،بیجنگ نے امریکی پیغام تہران تک پہنچادیا۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کےمطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر امریکی وزیر خزانہ نے چینی حکام سے رابطہ کیا۔
امریکی اخبار کی رپورٹ کےمطابق امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کہنے پر چین سے رابطہ کیا،جس کےبعد چین نے امریکی پیغام ایران تک پہنچادیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے ساتھ سفارتی کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں۔ وینس نے گزشتہ ماہ ایرانی سلامتی کے سربراہ محسن رضائی کو خط بھی ارسال کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی قیادت امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد واشنگٹن کی پالیسی میں ممکنہ تبدیلیوں کا جائزہ لے رہی ہے۔ صدر ٹرمپ نے ستمبر میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے دوران بھی ایران کے معاملے پر مدد طلب کی تھی۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہےکہ امریکا ایران کے ساتھ بات چیت کررہا ہے اور معاملات اچھے انداز میں آگے بڑھ رہےہیں۔ ایران کے معاملے پر ہمیں بہت اچھے نتائج مل رہے ہیں۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کو بری طرح شکست دی ہے، جب کہ آبنائے ہرمز اس وقت مکمل طور پر کھلی ہے۔
