ایران نےآبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کی پیشکش کی ہے،ترجمان وائٹ ہاؤس

ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیوٹ نےکہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی قومی سلامتی کی ٹیم کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں جس میں ایران کی جانب سے بھیجی گئی ایک نئی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔

کیرولین لیوٹ نے میڈیابریفنگ میں بتایا کہ ایرانی تجویز میں آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کی پیشکش کی گئی ہے۔صدر ٹرمپ کی ریڈ لائنز بالکل واضح ہیں، امریکا کوئی ایسی ڈیل قبول نہیں کرے گا جس میں ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے کی اجازت ہو۔

واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے وہ سمجھتے ہیں کہ ایرانی مذاکرات کار امریکا سے ڈیل کے لیے سنجیدہ ہیں۔ایرانی مذاکرات کار موجودہ خرابی سے نکلنا چاہتے ہیں لیکن ایرانی حکومتی قیادت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ وہ مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایرانی حکومتی قیادت ابھی مزید وقت لینا چاہتی ہے۔ ایران کی اقتصادی حالت بری ہے۔

یاد رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مذاکرات کی درخواست کا جائزہ لے رہا ہے۔

ٹیلیگرام پر جاری بیان کے مطابق عباس عراقچی نے روس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے مذاکرات کی درخواست اس لیے کی کیونکہ امریکا اپنے کسی بھی مقصد کو حاصل نہیں کر سکا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کا اسلام آباد کا دورہ منسوخ کر دیا تھا اور کہا تھا کہ اگر ایران مذاکرات کرنا چاہتا ہے تو وہ خود رابطہ کر سکتا ہے۔

Back to top button