وزیراعظم سے ایرانی وزیر داخلہ کی ملاقات،علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف سے ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور تمام فریقین پر  تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فریق ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔ پاکستان ایک دیانتدار اور مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان کے خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا جبکہ ایرانی وزیرداخلہ نے ایرانی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔

ایرانی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سرکاری حکام پر مشتمل وفد کی قیادت کر رہا ہوں۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ ایرانی وزیرِ داخلہ نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل کی ثالثی کی انتھک کوششوں کو سراہا۔

 

 

Back to top button