کشمیری جعلی نمائندگی کومسترد کر چکے،شرجیل میمن کان لیگی کی تنقیدپرجواب

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی تنقید کاجواب دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام جعلی نمائندگی کو پہلے بھی مسترد کر چکے، آئندہ بھی کریں گے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ فارم 47 کی جماعت آج کشمیر میں سیاسی ہمدردیاں سمیٹنے نکلی ہے۔ اس کی سیاسی تاریخ عوامی مینڈیٹ کی توہین سے بھری پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ کے سہارے اقتدار پر قابض جماعت کشمیری عوام کے حقوق کی علمبردار بننے کی کوشش کر رہی ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جو جماعت اپنے صوبے کے عوام کو حقِ رائے دہی سے محروم رکھے اس کے پاس کشمیریوں کے حقوق پر سیاست کا جواز نہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی طرح کشمیری بھی فارم 47 کی جماعت کو مسترد کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مت بھولیں کہ آج بھی پنجاب کے لاکھوں شہری بہتر علاج کے لیے سندھ آتے ہیں۔ دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے اپنی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہیے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت حقیقی عوامی مینڈیٹ پر یقین رکھتی ہے۔ ہماری سیاست کا مرکز اقتدار نہیں عوام کا اعتماد اور خدمت ہے۔
