پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کااعلان

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا جبکہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 93 پیسے اضافہ کیا گیا۔پیٹرول کی نئی قیمت 320 روپے 73 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
یاد رہے کہ پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن نے کل سے پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کیا ہے، جنرل سیکرٹری آل پاکستان پیٹرول پمپس ایسوسی ایشن نعمان علی بٹ کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں کہا گیا کہ وزارت پیٹرولیم کے ساتھ ہمارے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کسی صورت قبول نہیں، حکومت کے مجوزہ ڈیلی پرائس مکینزم کو مسترد کرتے ہیں۔
نعمان علی بٹ نےکہاکہ مذاکرات کی ناکامی کی بعد کل رات 12 بجے سے پورے پاکستان میں پیٹرول پمپ غیر معینہ مدت تک بند رہیں گے۔
