اسلام آباد ہائیکورٹ: جسٹس بابر ستار کا فیصلہ معطل، چیئرمین پی ٹی اے بحال

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو عہدے سے ہٹانے کے جسٹس بابر ستار کا فیصلہ معطل کردیا۔
جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل دو رکنی بینچ نے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی اے کے وکیل قاسم ودود، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور دیگر وکلا بھی پیش ہوئے۔
پی ٹی اے کے وکیل سلمان منصور نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ درخواست میں جو استدعا ہی نہیں کی گئی تھی، اس پر بھی ریلیف دے دیا گیا۔ نہ رولز کو چیلنج کیا گیا اور نہ ہی اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے خود لکھا ہے کہ بحث مکمل نہیں ہوئی تھی، جبکہ اعتراضات پر مبنی درخواستیں دیکھے بغیر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب وکلا چھٹی پر تھے تو اسی روز سماعت مکمل قرار دے کر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا، حالانکہ قابلِ سماعت ہونے کے اعتراضات پر دلائل ہونا باقی تھے۔
جسٹس محمد آصف نے دورانِ سماعت ریمارکس دیے کہ آپ کو کافی مواقع فراہم کیے گئے تھے۔
بعد ازاں عدالت نے دلائل سننے کے بعد چیئرمین پی ٹی اے کو ہٹانے کا فیصلہ معطل کردیا اور میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کو ان کے عہدے پر بحال کر دیا۔
