غیرمستند خبروں کی ترسیل کو روکنا ہر صحافی کا فرض ہے،صدر،وزیراعظم

آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت آصد علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ غیرمستند خبروں کی ترسیل کو روکنا ہر صحافی کا فرض ہے۔
اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ پروپیگنڈہ، فیک نیوز، غیرمستند خبروں کی ترسیل کو روکنا ہر صحافی کا فرض ہے، عصر حاضر میں امن و امان کا ماحول محض سفارت کاری سے حاصل نہیں ہوتا، مستند معلومات، ذمہ دارانہ صحافت امن و امان میں فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اختلاف رائے سے کشیدگی کے دیرپا حل تک مکالمے اور مذاکرات کو ترجیح دیتا ہے، سفارتی میدان میں پاکستان کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن کی بحالی کیلئے مثبت کردار ادا کر رہا ہے، قومی میڈیا نے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران بھی ایک اہم ذمہ داری ادا کی۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ سچائی کے بغیر امن ممکن نہیں، صحافت کا کردار کلیدی ہے، ڈس انفارمیشن جمہوری مکالمے کو مسخ کر رہی ہے، صحافیوں کو دنیا بھر میں ہراسانی اور دباؤ کا سامنا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا غیر ذمہ دارانہ استعمال تشویشناک ہے، پاکستان صحافت کی آزادی کے لیے پُرعزم ہے، آئین کا آرٹیکل 19 آزادی صحافت کی ضمانت دیتا ہے، آزاد میڈیا قوم کی مضبوطی کی علامت ہے، احتساب اور شفافیت کے لیے آزاد صحافت ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رفتار کے بجائے درستی کو ترجیح دی جانی چاہیے، پاکستان کے خلاف منظم جھوٹی مہمات جاری ہیں، قومی اتحاد سے دشمن کے عزائم ناکام بنائے گئے، میڈیا نے جھوٹ کا جواب حقائق سے دیا، معتبر معلوماتی نظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
