ٹینس سٹارشعیب خان نے آئی ٹی ایف فیوچرز ٹائٹل نام کرلیا

پاکستان کے سٹار ٹینس پلیئر محمد شعیب خان نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت 20 سالہ طویل انتظار ختم کرتے ہوئے آئی ٹی ایف فیوچرز ٹائٹل پاکستان کے نام کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
اسلام آباد میں کھیلے گئے فائنل کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں محمد شعیب نے روس کے نکیتا ایانن کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
شعیب خان نے یہ میچ 6-7، 6-4 اور 2-6 سے جیت کر قومی ٹینس کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کردیا ہے۔
یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ 20 سال بعد کوئی پاکستانی کھلاڑی آئی ٹی ایف فیوچرز کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے۔ اس تاریخی فتح پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق اور سیکرٹری کرنل ضیا طفیل نے محمد شعیب کو شاندار الفاظ میں مبارکباد پیش کی ہے۔
اختتامی تقریب میں سویڈن کی سفیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
صدر پی ٹی ایف اعصام الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹینس اور کھیلوں سے محبت کرنے والوں کے لیے آج کا دن انتہائی یادگار ہے، کیونکہ محمد شعیب خان نے اپنی محنت سے تاریخ رقم کر دی ہے۔
