اداکارہ یمنیٰ زیدی جلدعرب سپر ہیروفلم میں جلوہ گر ہوں گی

پاکستان کی معروف اداکارہ یمنیٰ زیدی جلد عرب سپر ہیرو فلم میں جلوے بکھرتی نظر آئیں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یمنیٰ زیدی جلد ہی پاکستانی نژاد امریکی فلم ساز اجمل ظہیر احمد کی سپر ہیرو کامیڈی فلم ’کریسٹر اینڈ دی نائٹ اسٹالین‘ میں دکھائی دیں گی، جس کا پہلا ٹیزر جاری کردیا گیا۔

معروف اداکارہ یمنیٰ زیدی اور فلم ساز اجمل ظہیر سمیت دیگر کاسٹ نے فلم کا ٹیزر سوشل میڈیا پر شیئر کیا جب کہ ہدایت کار نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وہ عرب سپر ہیروز پر بنانے جا رہے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے عرب اداکار عبداللہ جاسم کو بھی پوسٹ میں مینشن کیا اور انہوں نے بھی فلم کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے یمنیٰ زیدی کو بھی اپنی پوسٹ میں مینشن کیا۔

انگریزی زبان کی فلم کے ٹیزر سے اس کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ اس میں عرب روایات کو مزاحیہ انداز میں پیش کیا جائے گا۔

فلم’کریسٹر اینڈ دی نائٹ اسٹالین‘ کی کہانی دیار غیر میں رہنے والے عرب افراد اور ان کی روایات کے گرد گھومتی ہے اور اس میں دکھایا گیا ہے کہ عرب لوگ اور خصوصی طور پر عرب مائیں دنیا میں کہیں بھی بس جائیں، وہ اپنی روایات کو نہیں بھولتے۔

فلم کے ٹیزر میں یمنیٰ زیدی کے کردار کی انتہائی مختصر جھلکیاں دکھائی گئی ہیں، جس وجہ سے ان کے کردار سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ ٹیزر یلیز کرتے ہوئے اس بات کا عندیہ دیا گیا ہے کہ فلم کوجلد ریلیز کردیا جائے گا، ساتھ ہی مداحوں سے سوال کیا گیا ہے کہ وہ فلم کو کس اسٹریمنگ ویب سائٹ پر دیکھنا پسند کریں گے؟ جبکہ خیال کیا جا رہا ہے کہ ’کریسٹر اینڈ دی نائٹ اسٹالین‘ کو نیٹ فلیکس، ایمازون، سونی یا پیراماؤنٹ جیسی کسی ویب اسٹریمنگ سروس پر ریلیز کیا جائے گا۔

’کریسٹر اینڈ دی نائٹ اسٹالین‘ میں کاسٹ کیے کانے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ یمنیٰ زیدی پاکستانی فلموں میں بھی دکھائی دیں گی۔انہوں نے آج تک کسی بھی فیچر فلم میں کام نہیں کیا، البتہ وہ چند ٹیلی فلموں میں دکھائی دیں ہیں اور انہیں بطور ٹی وی اداکارہ شہرت حاصل ہے۔

Back to top button