جناح ہاؤس حملہ کیس: علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز خان کی ضمانت منظور

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت لاہور نے عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز خان کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت کے جج منظر علی گل نے بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شاہ ریز خان کی رہائی کا حکم جاری کیا۔
سماعت کے دوران شاہ ریز کے وکیل رانا مدثر عمر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے مؤکل پر الزام تھا کہ وہ کارکنوں کو اکسانے کی کوشش میں شامل تھے، لیکن تفتیش کے دوران کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔ نہ جیو فینسنگ سے ان کا تعلق ثابت ہوا اور نہ ہی پولیس کے چالان یا ریکارڈ میں ان کا ذکر موجود ہے۔ کسی تفتیشی افسر نے بھی ان کے خلاف کوئی بیان قلم بند نہیں کیا۔
وکیل کے مطابق شاہ ریز کو گرفتار کرنے سے قبل تقریباً 28 ماہ تک کیس میں شامل تفتیش نہیں کیا گیا، اور ان کی گرفتاری کا مقصد صرف ان کی والدہ علیمہ خان پر دباؤ ڈالنا تھا، جو اپنے بھائی اور پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے آواز اٹھا رہی ہیں۔
وکیل نے مزید کہا کہ گرفتاری کے وقت شاہ ریز چترال میں موجود تھے، جس کے شواہد اور گواہوں کے بیانات موجود ہیں۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ شاہ ریز اکسفورڈ یونیورسٹی کے طالب علم اور کھلاڑی ہیں اور بیرون ملک ایک ایونٹ میں شرکت کے لیے بھی تیار تھے۔
