جنیداکبرپبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے مستعفیٰ

عمران خان کی ہدایت پر جنید اکبر نے پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دیدیا۔

تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر اور رکن قومی اسمبلی جنید اکبر نے کہا ہے کہ سیاسی کمیٹی کی ہدایت پر اپنا استعفیٰ چیف وہپ کو بھیج دیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کو قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت جاری کردی تھی۔

رکن قومی اسمبلی ثنا اللہ مستی خیل نے اعلان کیا تھا کہ پی ٹی آئی کے تمام چیئرمین قائمہ کمیٹی اور کمیٹی ممبران نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔یہ اعلان انہوں نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا اجلاس شروع ہونے سے قبل کیا۔ مستی خیل نے پریس گیلری کی جانب دیکھ کر اعلان کیا اور فوری طور پر ہال سے باہر چلے گئے۔

واضح رہے کہ آج پی اے سی کا اجلاس چیئرمین جنید اکبر خان کی زیرِ صدارت ہونا تھا۔ اجلاس میں قومی اہمیت کے کئی معاملات پر غور متوقع تھا۔ تاہم پی ٹی آئی کے اراکین کے اجتماعی استعفوں کے اعلان کے بعد اجلاس پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

ثنااللہ مستی خیل نے کہا کہ گزشتہ شب پارٹی کی سیاسی کمیٹی کا ساڑھے چار گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے تمام قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین اور ارکان استعفیٰ دیدیں گے۔

 

 

 

Back to top button