مودی نےامریکی صدرکافون سننےسےصاف انکارکردیا

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کی جانے والی کم از کم چار فون کالز اٹینڈ کرنے سے انکار کر دیا۔

جرمن اخبار فرینکفرٹر الگمائنے سائٹنگ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے حالیہ ہفتوں کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی4فون کالز اٹینڈ کرنے سے انکار کیا۔

جاپانی جریدے نکئی ایشیا نے بھی ایسی ہی رپورٹس شائع کی ہیں جن کے مطابق مودی ٹرمپ سے رابطے سے گریز کر رہے ہیں۔ جرمن اخبار کے مطابق مودی کا یہ رویہ اس بات کی علامت ہے کہ وہ امریکی صدر کے پالیسی اقدامات سے سخت ناخوش ہیں۔

اس وقت دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ پایا جاتا ہے کیونکہ صدر ٹرمپ نے بھارتی مصنوعات پر ٹیرف دوگنا کر کے 50 فیصد تک بڑھا دیا ہے، جو کہ برازیل کے بعد دنیا میں کسی بھی ملک پر عائد ہونے والی سب سے زیادہ شرح ہے۔ اس میں روسی خام تیل کی بھارتی درآمدات پر 25 فیصد اضافی ڈیوٹی بھی شامل ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارت میں امریکا کی ساکھ اس وقت سے متاثر ہو رہی ہے جب سے صدر ٹرمپ بار بار یہ بیان دے رہے ہیں کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازع ان کی ثالثی کی بدولت رکا۔ نئی دہلی نے اس دعوے کو سختی سے رد کر دیا ہے۔

ماضی میں گزشتہ دو دہائیوں کے دوران بھارت اور امریکا نے چین کے اثرورسوخ کو محدود کرنے کے لیے قریبی تعلقات استوار کیے تھے، مگر ٹرمپ کی سخت تجارتی پالیسیوں نے اس شراکت داری کو نقصان پہنچایا ہے، جس پر بیجنگ اور ماسکو خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

Back to top button