گلوکار کیفی خلیل کو کراچی میں شو ادھورا کیوں چھوڑنا پڑا؟

معروف گلوکار کیفی خلیل کراچی میں ہونے والے سالانہ فیسٹیول کو ادھورا چھوڑ کر چلے گئے، جس کی وجہ شرکا کی خواتین سے بدتمیزی اور بدنظمی  قرار دیا گیا ہے۔کراچی کے علاقے ڈیفنس کے بیچ پارک ویو پارک میں ہونے والے سالانہ فیسٹیول میں بد نظمی اور خواتین کو ہراساں کیے جانے کے بعد گلوکار کیفی خلیل پرفارمنس درمیان میں روک کر چلے گئے۔ 8 جنوری کو اختتامی دن پر فیسٹیول میں شدید دھکم پیل ہوئی، خواتین کو نامعلوم افراد نے ہراساں کیا جب کہ سوشل میڈیا پر خواتین کی لڑائی کی ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں۔

فیسٹیول میں بدنظمی اور خواتین کو ہراساں کیے جانے کے بارے میں انتظامیہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اختتامی روز ہونے والے واقعات افسوس ناک ہیں جس سے شرکا کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ انتظامیہ نے اعتراف کیا کہ فیسٹیول میں بہتر صورتحال برقرار رکھنے کے لیے مزید سخت انتظامات کیے جانے چاہئے تھے اور آئندہ اس بات کا خیال رکھا جائے گا۔ انتظامیہ نے بدنظمی، دھکم پیل اور ہراسانی کا شکار ہونے والے افراد سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی کراچی ایٹ فیسٹیول کی مختلف ویڈیوز میں چند افراد کو رکاوٹوں کو عبور کرکے فیسٹیول میں اندر داخل ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جن کے اندر داخل ہوتے ہی دھکم پیل شروع ہوجاتی ہے۔ ویڈیوز میں لڑکیوں کے چلانے اور خواتین کی آوازیں بھی سنائی دیتی ہیں جب کہ بعض ویڈیوز میں فیسٹیول کے اندر لڑکیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ جھگڑا اور ہاتھا پائی کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ایٹ فیسٹیول کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ چہ مگوئیاں بھی پھیلیں کہ دھکم پیل میں گلوکار کیفی خلیل بھی زخمی ہوگئے، تاہم انہوں نے اپنی پوسٹ میں ایسی خبروں کی تردید کی۔ کیفی نے سوشل میڈیا پر وضاحتی بیان جاری کیا کہ وہ دھکم پیل اور بدنظمی کے دوران سٹیج چھوڑ کر چلے گئے تھے، ان کے زخمی ہونے کی خبریں گمراہ کن ہیں، وہ خیریت سے ہیں۔ گلوکار نے فیسٹیول کے دوران بھگدڑ اور بدظمی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کچھ انفرادی لوگوں نے آکر ماحول خراب کیا اور انہوں نے لڑکیوں کو ہراساں کرنا شروع کیا۔ گلوکار نے لکھا کہ وہ خواتین کو ہراساں کیے جانے کے دوران پرفارمنس نہیں کر سکتے تھے، اس لیے وہ مجبور ہوکر اسٹیج چھوڑ کر چلے گئے۔

انہوں نے لکھا کہ فیسٹیول کے دوران نامعلوم افراد نے خواتین کو ہراساں کرنا شروع کیا، ان کے ساتھ بدتمیزی کی گئی اور ایونٹ خراب کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی ہونی چاہئے جب کہ انتظامیہ کو سخت حفاظتی انتظامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے فیسٹیولز میں دھکم پیل کرنے اور خواتین کو ہراساں کرنے کے بجائے ان کے ساتھ عزت سے پیش آیا کریں تاکہ ہر کوئی پرسکون زندگی گزار سکے۔

پاکستانی اداکارہ کا بھارتی پروڈیوسر پر جنسی ہراسانی کا الزام

Back to top button