کراچی میں منشیات فروش خاتون ”پنکی“کےچرچے،آڈیوبھی منظرعام پرآگئی

کراچی میں منشیات فروش خاتون انمول عرف  ”پنکی“کےچرچے، گرفتاری سے قبل آڈیوبھی منظرعام پرآگئی۔

آڈیو  میں ملزمہ انمول کہہ رہی ہےکہ آپ لوگوں کی عقل گھٹنوں میں ہے، آٹھ نو  سال میرے پیچھےلگے رہتےہیں، ریٹائرڈ ہوجاتے ہیں مگر پکڑ  نہیں پاتے۔مبینہ آڈیو میں ملزمہ انمول نے کہا کہ جس دن دماغ سے سوچنا شروع کرو گے پنکی کی طرح برانڈ بن جاؤ گے،  پتا نہیں کہاں سے اٹھ کر  آجاتے ہیں کہ پنکی کو  پکڑیں گے۔

آڈیو میں ملزمہ کہہ رہی ہے کہ وہ پورے کراچی میں کام کررہی ہے، ہم نے پورے کراچی میں اندھیر ڈالا ہوا ہے،   اٹھا لو اگر اٹھا سکتے ہو۔

کراچی میں گارڈن پولیس نے آج کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش خاتون کو گرفتار کیا تھا۔پولیس کا دعویٰ ہےکہ ملزمہ انمول عرف پنکی سے پستول،کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکلز اور دیگر نشہ آور اشیا برآمد کی گئیں۔

کراچی میں منشیات برآمدگی اور غیر قانونی اسلحہ کے کیس میں پولیس نے گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالت میں پیش کردیا۔

عدالت نے ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو  نے ملزمہ پنکی کی پیشی کے دوران ایس اوپی اور قوائد کی خلاف ورزی کاسخت نوٹس لےلیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی کو واقعےکی مفصل ابتدائی رپورٹ پیش کرنےکی ہدایت کردی۔ ملزمہ کو بغیر ہتھکڑی عدالت میں کیوں پیش کیاگیا،آئی جی نے غفلت،کوتاہی کےمرتکب تفتیشی افسر، عملے کو فوری معطل  کرنے کا حکم دیدیا۔

واقعےکی شفاف تحقیقات کےلیے سنیئر  افسر تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ ایڈشنل آئی جی خود اس واقعے کی تحقیقات کی نگرانی کریں گے، ملوث اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کاروائی ہوگی، کمیٹی جلد از جلد ذمہ داروں کا تعین یقینی بنائےگی۔

کراچی پولیس چیف  نے بھی ملزمہ کو بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیش کرنےکا نوٹس لیتے ہوئے واقعےکی انکوائری کی ہدایت کردی۔

کراچی پولیس چیف آزاد خان نے واضح کیاکہ قانون اور  ایس او پیز کی خلاف ورزی ہرگز  برداشت نہیں کی جائے گی،  پولیس کے تمام افسران و اہلکار  قواعد و ضوابط کے پابند ہیں۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ بغیر ہتھکڑی ملزمہ کی پیشی پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا امکان ہے۔

Back to top button