کیمبرج کا اے ایس لیول ریاضی کا دوسرا پرچہ بھی لیک

درجنوں طلبہ نے اے ایس لیول ریاضی کے پرچے کے قبل از وقت لیک ہونے کے بارے میں بتایا اور کہا کہ ( 5) کوڈ نمبر 9709 کا پرچہ دو بجے شروع ہونا تھا تاہم یہ پرچہ حل ہو کر سوشل میڈیا پر موجود تھا تاہم جب ہم یہ پرچہ دینے گئے تو ہو بہو یہ وہی پرچہ تھا جسے دیکھ ہم حیران ہو گئے۔
آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے ریاضی کا دوسرا پرچہ بھی لیک ہونے کی تصدیق کہ اور بتایا کہ ہم کیمبرج کے آفیشل مؤقف کا انتظار کررہے ہیں تاہم ابتدائی طور پر کیمبرج نے بھی پرچہ لیک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
غلام علی ملاح نے کہا کہ یہ افسوسناک امر ہے کہ کیمبرج کے پرچے مسلسل لیک ہورہے ہیں تاحال کیمبرج ان کو روکنے میں ناکام رہا۔
یاد رہے کہ کیمبرج نے جو پہلے بیان دیا تھا اس میں کہا تھا کہ اے ایس لیول ریاضی کا پرچہ 9709/12، لیک ہوگیا تھا یہ پرچہ 29 اپریل 2026 کو ایڈمنسٹریٹو زونز 3 اور 4 میں لیا گیا تھا، امتحان سے قبل غیر مجاز طور پر تقسیم کیا گیا۔
تفصیلی تحقیقات کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ پرچے کے افشا کی نوعیت ایسی ہے کہ اسے حتمی نتائج کے لئے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔
بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ پرچہ اب طلبہ کے گریڈز کے تعین کے لئے استعمال نہیں ہوگا اور اس کے بجائے متاثرہ امیدواروں سے نیا امتحان لیا جائےگا۔
کیمبرج نے اعلان کیا تھا ریاضی 9709/12 کا متبادل امتحان 9 جون 2026 کو جون سیریز کے شیڈول کے تحت لیا جائےگا۔

Back to top button