عیدالاضحیٰ کاآخری روز،عوام نے پارکوں،تفریحی مقامات کارخ کرلیا

ملک میں عید الاضحیٰ کا تیسرا اور آخری روز ہے، مختلف شہروں میں قربانی کے بعد عوام کی بڑی تعداد نےسیرو تفریح کیلئے پارکوں اور تفریحی مقامات کا رُخ کرلیا۔
عید کے تیسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی اجتماعی اور انفرادی قربانی کی جا رہی ہے۔
عیدالاضحیٰ کے آخری روز بھی ملنے ملانے اور دعوتوں کا اہتمام کیا گیا ہے، مہمانوں کی بریانی، کباب، تکہ بوٹی، قورمہ اور مٹن کڑاہی سے خاطر تواضع کی جائے گی۔
دوسری جانب ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو قربانی کے گوشت میں پیشہ ور کبابیوں کا ذائقہ چاہتے ہیں، اس کیلئے معروف باورچیوں اور کبابیوں کی خدمات پہلے ہی حاصل کر لی گئی ہیں۔
جن افراد نے پہلے اور دوسرے دن قربانی کا فریضّہ سر انجام دے دیا وہ مہمانوں کے استقبال اور عزیز و اقارب سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔
سنت ابراہیمی کی ادائیگی اور مزیدار کھابوں کے بعد بچوں کے ساتھ بڑے بھی آج سیر و تفریح کیلئے پارکوں اور تفریحی مقامات کا رخ کر رہے ہیں۔
