سعودی عرب کا سٹیٹ بینک میں ڈیپازٹس  5ارب ڈالر کرنیکا فیصلہ

سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں ڈیپازٹس کو 3 ارب ڈالر سے بڑھا کر 5 ارب ڈالر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 سی ای او سعودی عریبیہ ہولڈنگ کمپنی محمد القحطانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے 5 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری منصوبے پر عمل درآمد تیز کر دیا ہے، وزیراعظم پاکستان کے دورہ سعودی عرب اور ولی عہد سے ملاقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہیں، پاکستان اور سعودی عرب نے 5 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری منصوبے پرعمل درآمد تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

محمد القحطانی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے مرکزی بینک میں ڈپازٹس 3 ارب سے بڑھا کر 5 ارب ڈالر کرے گا، سعودی عرب آئل ریفائنری اور تانبے کی کانوں میں سرمایہ کاری کرے گا، سعودی عرب کے یہ اقدامات گزشتہ طے پائے وسیع سمجھوتے کا حصہ ہیں۔

سی ای او سعودی عریبیہ ہولڈنگ کمپنی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں 21 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے لیے بات چیت کر رہا ہے، اس منصوبے کے تحت تانبے کی کان پر 7 ارب ڈالر اور آئل ریفائنری پر 14ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

محمد القحطانی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ان سمجھوتوں کو پاک سعودی تعلقات کے لیے تاریخی سنگ میل قرار دیا ہے۔

Back to top button