مولانا فضل الرحمان کے خلاف کارروائیاں سیاسی نہیں،طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے گھر کے قریب تجاوزات کے خلاف کارروائی کا موجودہ سیاسی اختلافات سے کوئی تعلق نہیں۔
طلال چوہدری کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھاکہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف مہم گزشتہ ڈیڑھ سال سے جاری ہے۔اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف کارروائی پوش سیکٹرز سے شروع کی گئی تھی، جہاں سفارت کاروں، وکلا، ججوں اور کاروباری شخصیات کے گھروں کے باہر قائم سیکیورٹی کیبن، جنریٹرز اور دیگر غیر قانونی تعمیرات بھی ہٹائی گئیں۔ اس حوالے سے ان کے متعدد بیانات اور وضاحتیں بھی ریکارڈ پر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے گھر کے اطراف کی گلیوں میں بھی پہلے تجاوزات کے خلاف کارروائیاں ہوچکی ہیں، کیبن اور جنریٹرز ہٹائے گئے، جرمانے کیے گئے اور عمارتیں سیل کی گئیں۔ اس لیے یہ کہنا درست نہیں کہ کارروائی صرف موجودہ سیاسی اختلافات کے بعد شروع کی گئی ہے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سرکاری زمین اور املاک پر مختلف لوگوں نے وکالت، صحافت، سیاست اور دیگر شعبوں کی آڑ میں قبضے کیے ہوئے ہیں۔ بعض مقامات پر اولیائے کرام کے نام پر بھی سینکڑوں کنال سرکاری زمین پر تجاوزات قائم کی گئیں۔ ان کے بقول غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کبھی یہ نہیں دیکھا گیا کہ وہاں کس کا گھر یا فلیٹ ہے یا کون رہائش پذیر ہے۔
