خیبرپختونخوامیں پی ٹی آئی دورکےمنصوبوں کی چھان بین کافیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے پی ٹی آئی دور میں منظورکی گئی سالانہ ترقیاتی منصوبوں کی چھان بین کا فیصلہ کرلیا۔

پی ٹی آئی کے سابق دور حکومت میں منظور کی گئی سالانہ ترقیاتی سکیموں کی چھان بین شروع کردی گئی ہے، سابق حکومت کے دور میں 1224 نئی ترقیاتی سکیمیں شامل کی گئی تھیں جن کی مجموعی لاگت کا تخمینہ ایک ہزار 348 ارب روپے تھا جب کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں ان سکیموں کے لیے 107 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق متعلقہ فورمز سے تاحال منظوری حاصل نہ کرنے والی سکیموں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، زیر جائزہ سکیموں میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور سپیکر بابر سلیم کے حلقوں کی سکیمیں بھی شامل ہیں۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور چھان بین کے دوران کسی قسم کا سیاسی اثر و رسوخ قبول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بعض سکیموں پر نظرثانی کی جائے گی جب کہ بعض کو جوں کا توں برقرار رکھا جائے گا، تمام فیصلے کیس ٹو کیس اور میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔

 

 

Back to top button