الیکشن کمیشن کا خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات روکنے اور پنجاب میں7 فروری کو کرانے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات روکنے کا حکم دیتے ہوئے پنجاب میں پہلے مرحلے کے انتخابات 7 فروری کو کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق سماعت ہوئی۔
اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے 4 نومبر کو جاری آرڈر زیر غور آیا اور آرڈر شق نمبر 2 کا جائزہ لیاگیا جس میں بتایاگیا کہ آرڈر کے تحت آئین کے آرٹیکل 140 اے کو معطل کیاگیا ہے۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات روکنےکا فیصلہ جاری کیا۔
قبل ازیں 28 اکتوبر کو الیکشن کمیشن نے ایمرجنسی والے اضلاع کے سوا خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کا حکم دیاتھا۔
دوسری جانب اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ پنجاب کابینہ کمیٹی اور الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا تھاجہاں پنجاب حکومت نے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران الیکشن کرانے کا کہا تھا۔
اس پر چیف سیکرٹری پنجاب نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری مکمل ہے لیکن انتظامات کےلیے مزید 2 ماہ درکار ہیں،دسمبر اور جنوری میں دھند الیکشن انعقاد میں رکاوٹ بن سکتی ہے،سردی میں ووٹر ٹرن آؤٹ بھی کم رہتا ہے،درخواست ہے 20 جنوری کےبعد کی تاریخ دےدیں۔
بعد ازاں چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکرٹری پنجاب کی درخواست منظور کرتےہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 7 فروری کو منعقد کروانے کا حکم دے دیا۔
