نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل تربیت ناگزیر ہے،فیلڈمارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بدلتے ہوئے سیکیورٹی خطرات اور نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل تربیت ناگزیر ہےاور مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی اور آپریشنل تیاریوں پر غیر متزلزل توجہ ضروری ہے۔
آئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہیڈکوارٹرز ایس ایس جی تربیلا کا دورہ کیا جہاں ان کی آمد پر جی او سی ایس ایس جی نے استقبال کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہدا یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ایس ایس جی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو ایس ایس جی کی خصوصی تربیت، آپریشنل تیاریوں اور مشن کی تکمیل کے لیے استعداد کار پر بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جدید ترین خصوصی آلات کا معائنہ کیا اور ایس ایس جی کی جنگی مہارت اور خصوصی آپریشنز کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایس ایس جی کے افسران اور جوانوں کے پیشہ ورانہ معیار، بلند حوصلے اور فرض شناسی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایس جی کو بدلتے ہوئے سیکیورٹی خطرات کے مقابلے میں برتری برقرار رکھنے کے لیے اعلیٰ معیار کی تیاری جاری رکھنا ہوگی۔
