کیا واقعی ہماری واٹس ایپ چیٹس اور نجی تصاویرNCCIAکے کنٹرول میں ہیں؟

پاکستان میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی میمز اور افواہوں نے شہریوں کے ذہنوں میں ایک اہم سوال پیدا کر دیا ہے: کیا نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی یعنی این سی سی آئی اے کسی بھی شخص کے موبائل فون میں موجود نجی تصاویر، ویڈیوز، واٹس ایپ چیٹس اور براؤزنگ ہسٹری تک باآسانی رسائی حاصل کر سکتی ہے؟ تحقیقاتی ادارے کا مؤقف ہے کہ اس کی کارروائیاں قانونی تحقیقات اور ڈیجیٹل فارنزک کے دائرے میں ہوتی ہیں، جبکہ آئی ٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ تکنیکی طور پر نجی ڈیٹا تک رسائی ممکن ضرور ہے، لیکن اس کے لیے مخصوص حالات اور تکنیکی ذرائع درکار ہوتے ہیں۔

این سی سی آئی اے کراچی کے سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر طارق نواز کے مطابق ادارہ فوجداری تحقیقات اور ڈیجیٹل فارنزک سمیت مختلف طریقوں سے تفتیش کرتا ہے۔ ان کے مطابق شہریوں کی ڈیجیٹل پرائیویسی کا تحفظ ضروری ہے اور ادارے کی کوشش ہوتی ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں کی نگرانی کے ساتھ لوگوں کی سلامتی اور نجی معلومات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر موبائل فونز تک غیر مجاز رسائی اور پرائیویسی کی خلاف ورزی سے متعلق پھیلنے والے تاثر کو غلط قرار دیا۔

دوسری جانب آئی ٹی ماہرین کے مطابق تکنیکی اعتبار سے موبائل فون میں محفوظ تصاویر، ویڈیوز، پیغامات اور دیگر معلومات تک رسائی حاصل کرنا ممکن ہے، لیکن عام طور پر اس کے لیے موبائل فون یا اس سے منسلک اکاؤنٹ کا کسی نہ کسی طریقے سے متاثر ہونا ضروری ہوتا ہے۔ ان کے مطابق نقصان دہ ایپلی کیشنز، مشکوک لاگ اِن، بدنیتی پر مبنی تشہیری مواد اور جاسوسی سافٹ ویئر کے ذریعے صارف کی نجی معلومات تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ بعض جدید جاسوسی سافٹ ویئر خاموشی سے موبائل فون کا ڈیٹا جمع کرکے کسی دوسرے شخص یا نظام کو منتقل کر سکتے ہیں۔ اس ڈیٹا میں پیغامات، فائلیں اور صارف کی لوکیشن شامل ہو سکتی ہے، جبکہ بعض صورتوں میں کیمرے اور مائیکروفون تک رسائی بھی ممکن ہوتی ہے۔ ان کے مطابق جدید ترین جاسوسی سافٹ ویئر کی بعض اقسام ایسی بھی ہیں جو صارف کی جانب سے کسی مشکوک لنک پر کلک کیے بغیر موبائل فون میں داخل ہو سکتی ہیں۔

مبصرین کے مطابق یہ معاملہ صرف تکنیکی صلاحیت یا تحقیقاتی اداروں کے اختیارات تک محدود نہیں بلکہ شہریوں کے بنیادی حقِ رازداری سے بھی جڑا ہوا ہے۔ کسی موبائل فون سے ڈیجیٹل شواہد حاصل کرنا، کسی اکاؤنٹ تک غیر مجاز رسائی اور شہری کی نجی زندگی کی نگرانی، تین مختلف معاملات ہیں جنہیں ایک ہی مفہوم میں نہیں لیا جا سکتا۔ اصل سوال یہ ہے کہ تحقیقاتی ادارے کن قانونی اختیارات کے تحت، کس نوعیت کے مقدمے میں اور کس طریقہ کار کے ذریعے ڈیجیٹل معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ ادارے کی جانب سے پرائیویسی کے تحفظ کی یقین دہانی اپنی جگہ، لیکن شفاف قانونی طریقہ کار اور مؤثر نگرانی بھی اتنی ہی اہم ہے۔

سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی کارروائیوں اور گرفتاریوں کی خبروں نے نوجوانوں میں بھی خوف اور غیر یقینی کی کیفیت پیدا کی ہے۔ کراچی کے نوجوان محمد شعیب نے بتایا کہ پہلے دوستوں کے درمیان ہنسی مذاق میں مختلف مواد شیئر کرنا معمول تھا، لیکن اب لوگ اس حوالے سے محتاط ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک دوست کا واقعہ بیان کیا جسے اچانک ایک ایسے گروپ میں شامل کیا گیا جہاں نامناسب اور برہنہ مواد شیئر کیا جانے لگا، جس کے بعد اس کا اکاؤنٹ بند ہو گیا۔ ان کے مطابق دوست گزشتہ 2 سے 4 سال سے اسی اکاؤنٹ کے ذریعے آمدنی حاصل کر رہا تھا اور اکاؤنٹ بند ہونے سے اس کا روزگار بھی متاثر ہوا۔ محمد شعیب کا کہنا تھا کہ ایف آئی آرز اور گرفتاریوں کی خبروں کے بعد نوجوان اب دوستوں کے ساتھ مذاق کرنے اور سوشل میڈیا پر مواد شیئر کرنے سے بھی گریز کرتے ہیں، کیونکہ انہیں کسی قانونی کارروائی میں پھنس جانے کا خدشہ رہتا ہے۔

ماہرین کے بقول اس حوالے سے سب سے اہم بات یہ ہے کہ این سی سی آئی اے کے پاس ہر شہری کے موبائل فون کی تمام نجی معلومات تک بلاامتیاز اور ہر وقت رسائی ہونے کا دعویٰ درست ثابت نہیں ہوتا۔ اسی طرح یہ سمجھنا بھی غلط ہوگا کہ موبائل فون کا ڈیٹا مکمل طور پر ناقابلِ رسائی ہے۔ ڈیجیٹل فارنزک، قانونی تفتیش اور جاسوسی سافٹ ویئر کی تکنیکی صلاحیتیں اپنی اپنی جگہ موجود ہیں۔ شہریوں کو مشکوک ایپلی کیشنز سے بچنے، غیر معروف روابط نہ کھولنے، مضبوط پاس ورڈ استعمال کرنے اور اپنے اکاؤنٹس کی حفاظت یقینی بنانے کی ضرورت ہے، جبکہ تحقیقاتی اداروں پر بھی لازم ہے کہ قانون کے مطابق کارروائی اور شہریوں کی نجی زندگی کے احترام کے درمیان واضح حد برقرار رکھیں۔

Back to top button